کرکٹ کے عالمی کپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 98 رنز سے شکست دے دی ہے۔
ہفتہ کو کرائسٹ چرچ میں پول کے پہلے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز بنائے۔
اینڈریسن 75، کپتان میک کلم 65 اور ولیمسن 57 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
سری لنکا کی طرف سے لکمال اور مینڈس نے دو، دو جب کہ ہیراتھ اور کلاسیکرا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
332 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے قدرے بہتر انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن یہ سلسلہ زیادہ دیر تک برقرار نہ رہ سکا۔
ابتدائی بلے باز تھریمانے نے 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں سے کوئی بھی نصف سینچری کے ہدف تک نہ پہنچ سکا اور پوری ٹیم 46.1 اوورز میں 233 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے ساؤتھی، بولٹ،ملنے، وٹوری اور اینڈریسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
اینڈریسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔