آئی پی ایل: سٹے بازی کے الزامات پر تین کھلاڑی گرفتار

سری سانتھ

پولیس حکام نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ انھیں اسپاٹ فکسنگ سے متعلق ایک مشتبہ ٹیلی فون کال کی ریکارڈنگ بھی موصول ہوئی ہے جس میں ان کھلاڑیوں کے بارے میں گفتگو کی جا رہی ہے۔
بھارتی پولیس نے انڈین پریمیئر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں تین کھلاڑیوں اور سات سٹے بازوں کو گرفتار کیا ہے۔

گرفتار کیے جانے والے کھلاڑیوں میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر سری سانتھ بھی شامل ہیں جو انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیم راجستھان رائلز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

اسی ٹیم کے دو دیگر کھلاڑی اجیت چندیلا اور انکیت چاون کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جب کہ ممبئی ہی سے سات سٹے بازوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ ان کھلاڑیوں کی گزشتہ میچوں میں اسپاٹ فکسنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کی وجہ سے نگرانی کی جا رہی تھی۔

پولیس حکام نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ انھیں اسپاٹ فکسنگ سے متعلق ایک مشتبہ ٹیلی فون کال کی ریکارڈنگ بھی موصول ہوئی ہے جس میں ان کھلاڑیوں کے بارے میں گفتگو کی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق ریکارڈنگ میں کھلاڑیوں کے متعلق جن اشاروں کا ذکر کیا گیا تھا ان کرکٹرز نے ویسا ہی کیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے تک ان تینوں کھلاڑیوں کو معطل کر دیا گیا ہے اور اگر یہ لوگ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

بھارت میں دنیا بھر کے کرکٹرز کو بھاری رقوم کے عوض مختلف ٹیموں میں شامل کر کے 2008ء میں انڈین پریمیئر لیگ کے نام سے ٹورنامنٹ کا آغاز کیا گیا جو کہ روز اول سے ہی سٹے بازی سمیت مختلف تنازعات کا شکار رہا ہے۔