پاکستان بمقابلہ زمبابوے: تیسرا ون ڈے بارش کے باعث ختم

جنید خان (فائل فوٹو)

پاکستان کے 297 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے نو اوورز میں 62 رنز بنائے تھے کہ تیز آندھی اور بارش کے باعث میچ روکنا پڑا۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان لاہور میں کھیلا جانے والا تیسرا اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم کردیا گیا ہے۔

تین میچوں کی سیریز پاکستان پہلے ہی 0-2 سے جیت چکا ہے۔ تقریباً 17 ماہ بعد یہ پہلا موقع ہے کہ قومی ٹیم ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

اتوار کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو میچ جیتنے کے لیے 297 رنز کا ہدف دیا تھا۔

جواباً مہمان ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے نو اوورز میں 62 رنز بنائے تھے کہ تیز آندھی اور بارش کے باعث میچ روکنا پڑا۔

میچ روکا گیا تو چیبھابا 39 اور ووسی سیباندا 28 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔

بعد ازاں میچ کو 46 اوورز تک محدود کرتے ہوئے زمبابوے کے لیے 281 رنز کا ہدف مقرر کیا گیا لیکن بارش نہ رکنے کے باعث میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم کرنا پڑا۔

اس سے قبل پاکستان نے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 296 رنز بنائے۔

پاکستانی اوپنرز محمد حفیظ اور کپتان اظہر علی نے قومی ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 115 رنز بنائے۔

محمد حفیظ 80 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ اظہر علی 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اپنا پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلنے والے بابر اعظم نے 54 رنز بنائے۔ انور علی 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کا کوئی اور بلے باز قابلِ ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔ زمبابوے کی جانب سے سندسر رضا نے تین اور کرس پوفو نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

زمبابوے کے اس دورے میں اس سے قبل کھیلی جانے والی دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز بھی پاکستان کے نام رہی تھی۔

اتوار کو ہونے والے میچ کے ساتھ ہی زمبابوے کی ٹیم کا دورہ پاکستان بھی مکمل ہوگیا ہے جو سات سال کے تعطل کے بعد کسی غیر ملکی کرکٹ ٹیم کا پاکستان کا پہلا دورہ تھا۔