تیسرا ون ڈے: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 68 رنز سے ہرادیا

فائل فوٹو

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 260 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن پاکستان کی پوری ٹیم صرف 191 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئی۔
متحدہ عرب امارات میں جاری ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 68 رنز سے ہراکر سیریز میں 1-2 سے برتری حاصل کرلی ہے۔

بدھ کو ابوظہبی میں ہونے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو جیتنے کے لیے 260 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن پاکستان کی پوری ٹیم صرف 191 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئی۔

جنوبی افریقی بالرز کے سامنے پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ پاکستان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ نویں اوور میں احمدشہزاد سے شروع ہوا جس کے بعد پوری ٹیم 3ء44 اوورز میں پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان کی جانب سے ٹاپ اسکور بھی ایک بالر وہاب ریاض نے کیا جو 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اوپنر احمد شہزاد 32 جب کہ سہیل تنویر 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

جنوبی افریقہ کے پاکستانی نژاد بالر عمران طاہر ایک بار پھر اپنے آبائی وطن کی ٹیم کے لیے تباہ کن ثابت ہوئے اور چار وکٹیں حاصل کیں۔ مورن مورکل اور ریان مک لارن نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کو میچ کے ابتدائی اوورز میں اس وقت اپنی پہلی وکٹ سے محروم ہونا پڑا جب ابتدائی بلے باز ہاشم آملہ محمد عرفان کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ انھوں نے 10 رنز بنائے۔

لیکن ان کے بعد کوئنٹن کک اور ڈوپلیسی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور میں خاطر خواہ اضافہ کیا۔ کک 40 اور ڈوپلیسی 55 رنز بنا کے شاہد آفریدی کی گیندوں پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

جین پال ڈومینی 64 رنز بنا کے ٹاپ اسکورر رہے جب کہ کپتان ڈی ویلیئرز اور ڈیوڈ ملر نے بھی 34، 34 رنز بنا کر اپنی ٹیم کے لیے پاکستان کو ایک ناقابلِ حصول ہدف دینا ممکن بنایا۔

پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہد آفریدی اور سعید اجمل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

آج کے میچ میں فتح کے بعد جنوبی افریقہ کو دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والی پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 1-2 سے برتری حاصل ہوگئی ہے۔

شارجہ میں کھیلا جانے والا پہلا میچ جنوبی افریقہ نے ایک رن سے جیتا تھا جب کہ دبئی میں دوسرے میچ میں پاکستان نے 66 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔

سیریز کا چوتھا میچ جمعے کو ابوظہبی میں ہی ہوگا۔