نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان ہیملٹن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز مہمان ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز بنائے ہیں۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 275 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔
دوسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق 50 جب کہ اسد شفیق 74 رنز پر کھیل رہے تھے۔ پاکستان کو نیوزی لینڈ کے پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 35 رنز درکار ہیں اور اُس کی چھ وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
مہمان ٹیم کے آؤٹ ہونے کھلاڑیوں میں توفیق عمر نے 54، اظہر علی نے 24 اور یونس خان نے 23 رنز بنائے جب کہ محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔
اس سے قبل ہفتے کے روز میچ کے دوسرے روز نیوزی لینڈ نے 260 رنز سات کھلاڑی آوٴٹ پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تھی لیکن اس کے باقی تین کھلاڑی صرف پندرہ رنز کا اضافہ کر کے آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی طرف سے فاسٹ باؤلر تنویر احمد نے چار، عبدالرحمٰن نے تین اور عمر گل نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔