پاکستان نے آئرلینڈ کو ہرا کر سیریز 0-2 سے جیت لی

پاکستان نے آئرلینڈ کو ہرا کر سیریز 0-2 سے جیت لی

پاکستان نے ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری میچ میں میزبان آئرلینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے جیت لی ہے۔

بلفاسٹ میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو فتح کیلیے 239 رنز کا ہدف دیا تھا جسے پاکستان نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پیر کے روز کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز بنائے۔

سیریز کے پہلے میچ کے برعکس آج کےمیچ میں آئرلینڈ کے بلے بازوں نے محتاط اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی بالرز کو خود پر حاوی نہیں ہونے دیا۔

آئرلینڈ کے اسکور کو ابتدائی بلے باز پال اسٹرلنگ کی جارحانہ بیٹنگ سے بھی خاصی تقویت ملی جو 4 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 109 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹاپ اسکورر رہے۔

پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے 4، جنید خان نے 2 جبکہ محمد حفیظ نے 1 کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

جواباً پاکستان نے 239 رنز کا مطلوبہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 49 ویں اوور میں حاصل کرکے سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔

پاکستان کی جانب سے سابق کپتان یونس خان 64 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ عمر اکمل نے 60 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے۔

اظہر علی نے 39، جبکہ کپتان مصباح الحق اور توفیق عمر نے 32، 32 رنز بنائے۔

پال اسٹرلنگ کو 109 رنز کی اننگز کھیلنے پر 'مین آف دی میچ' قرار دیا گیا۔

اس سے قبل ہفتہ کے روز کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو سات وکٹوں سے بآسانی شکست دیدی تھی۔

پاکستانی ٹیم گزشتہ ہفتے دورہ ویسٹ انڈیز سے وطن واپسی سے قبل دو ون ڈے میچز کی مختصر سیریز کھیلنے کے لیے آئرلینڈ پہنچی تھی۔