پاکستان اور آئرلینڈ کے مابین پیر کو بلفاسٹ میں سیریز کے دوسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز بنائے۔
آئرلینڈ کے پال سٹرلنگ چار چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 103 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
پاکستان کی طرف سے سعید اجمل نے چار،جنید خان نے دو اور محمد حفیظ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس میچ کے لیے آئرلینڈ نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے۔ جبکہ پاکستان کی جانب سے رائٹ آرم فاسٹ بالر تنویر احمد کی جگہ آل راؤنڈر حماد اعظم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
اس سے قبل ہفتہ کے روز ہونے والے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو سات وکٹوں سے بآسانی شکست دیدی تھی۔
بارش کے باعث 36 اوورز تک محدود میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی تاہم آئرلینڈ کی پوری ٹیم 20 اوورز میں 96 کے اسکور پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
پاکستان نے مطلوبہ ہدف 27.3 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔
پاکستانی ٹیم گزشتہ ہفتے دورہ ویسٹ انڈیز سے وطن واپسی سے قبل دو ون ڈے میچز کی مختصر سیریز کھیلنے کے لیے آئرلینڈ پہنچی تھی۔