شرجیل اور سمیع ایشیا کپ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں شامل

محمد سمیع

یہ دونوں کھلاڑی پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر رہے ہیں اور شرجیل خان نے پشاور زلمی کے خلاف 62 گیندوں پر 117 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم میں بلے باز شرجیل خان اور فاسٹ باولر محمد سمیع کو شامل کر لیا ہے۔

ان دونوں کو متحدہ عرب امارات میں جاری پہلی پاکستان سپر لیگ میں ان کی عمدہ کارکردگی اور آنے والے دنوں میں ہونے والے دو بڑے ٹورنامنٹس کے لیے پہلے سے شامل کیے گئے بابر اعظم اور رومان رئیس کے زخمی ہونے کی وجہ سے شامل کیا گیا۔

بورڈ کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں دکھائی گئی کارکردگی پر سلیکشن کمیٹی، کپتان شاہد آفریدی اور ہیڈ کوچ وقار یونس نے فیصلہ کیا کہ شرجیل خان کو بابر اعظم اور محمد سمیع کو رومان رئیس کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جائے۔

یہ دونوں کھلاڑی پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر رہے ہیں اور شرجیل خان نے پشاور زلمی کے خلاف 62 گیندوں پر 117 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فائنل تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انھوں نے اس ٹورنامنٹ میں اب تک دس میچوں میں 287 رنز بنائے ہیں۔

محمد سمیع نے پی ایس ایل کے چھ میچوں میں 11 وکٹیں حاصل کیں جس میں ایک میچ کے دوران محض آٹھ رنز کے عوض پانچ وکٹوں کی شاندار کارکردگی بھی شامل ہے۔

پی ایس ایل ایونٹ میں بابر اعظم بائیں کلائی کے فریکچر کا شکار ہوئے اور ڈاکٹروں نے انھیں چار ہفتوں کے لیے آرام کا مشورہ دیا ہے جبکہ رومان رئیس ہیمسٹرنگ یعنی ٹانگ کے پٹھوں میں تکلیف سے دوچار ہیں۔

کرکٹ بورڈ کے بیان میں بتایا گیا کہ بلے باز خالد لطیف کو ایشیا کپ میں تو نہیں لیکن ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

انھوں نے پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے آٹھ میچوں میں 190 بنا رکھے ہیں۔

یہ پانچوں کھلاڑی پاکستان سپرلیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ ہیں جس کا اس ٹورنامنٹ میں آغاز تو اچھا نہیں تھا لیکن بتدریج کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے یہ فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

پی ایس ایل کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز کو بھی حال ہی میں ایشیا کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پہلی بار پاکستانی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 24 فروری سے بنگلہ دیش میں شروع ہو رہا ہے اور پہلی مرتبہ یہ مقابلے پچاس کی بجائے ٹی ٹوئنٹی طرز پر کھیلے جائیں گے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز نو مارچ سے بھارت میں ہوگا۔