آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی سات وکٹوں سے فتح

ابتدائی بلے باز ناصر جمشید صرف تین رنز کے فرق سے سینچری اسکور نہ کرسکے۔ انھوں نے 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 97 رنز بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
پاکستان نے ابوظہبی میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں آسٹریلیا کو سات وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کردی۔

ٹاس جیت کر آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں نے پراعتماد آغاز کیا اور پہلے میچ کی نسبت شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے صرف تین وکٹوں کے نقصان کے بعد فتح اپنے نام کر لی۔

ابتدائی بلے باز ناصر جمشید صرف تین رنز کے فرق سے سینچری اسکور نہ کرسکے۔ انھوں نے 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 97 رنز بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

دوسرے نمایاں بلے باز اظہر علی رہے جنہوں نے 59 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

پاکستانی باؤلروں جنید خان نے تین اور سعید اجمل نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

سیریز کا پہلا میچ آسٹریلیا نے چار وکٹوں سے جیتا تھا جب کہ تیسرا اور میچ تین ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔