کامران اکمل کو پانچ دِن میں اچھا وکٹ کیپر بنا سکتا ہوں: کرن مورے

کامران اکمل کو پانچ دِن میں اچھا وکٹ کیپر بنا سکتا ہوں: کرن مورے

بھارت کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کرن مورے نے کہا ہے کہ کامران اکمل بہت کارآمد کھلاڑی ہیں۔ اُن کی بلے بازی زبردست ہے مگر وکٹ کیپنگ کو بہر صورت بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

وائس آف امریکہ کے پروگرام راؤنڈ ٹیبل میں گفتگو کرتے ہوئے کرن مورے نے دعویٰ کیا کہ اگر اُنھیں ذمہ داری سونپی جائے تو وہ پانچ دن میں کامران اکمل کے گلوز درست کرسکتے ہیں، یعنی اُن کی کیپنگ کی خامیاں دور کر سکتے ہیں۔

ورلڈ کپ میں جاری مقابلوں اور ٹیموں کے بارے میں اُنھوں نے کہا کہ بھارت کی ٹیم کی بیٹنگ کی صلاحیت غیر معمولی ہے لیکن میڈیم پیسرز کے فٹنس مسائل اور خراب فیلڈنگ ٹیم کے لیے مسئلہ بن سکتی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کا کمبی نیشن اور خاص طور پر باؤلنگ اٹیک باقی تمام ٹیموں سے اچھا ہے۔وہ کہتے ہیں کہ یہ ٹیم 280رنز بھی اگر بنا لیتی ہے تو اس کے باؤلر اس کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر سرفراز نواز نے کہا ہے کہ ٹیم کے اوپنرز کی کارکردگی مایوس کُن ہے اور آل راؤنڈر عبد الرزاق کو اوپر کے نمبر وں پر بیٹنگ کے لیے بھیج کر ایک مستند باؤلر کو ٹیم میں شامل کرنا چاہیئے۔

سابق کرکٹر جلال الدین کا کہنا تھا کہ انگلینڈ ان کے خیال میں ٹورنامنٹ کے لیےفیورٹ تھی مگر آئرلینڈ سے شکست کے بعد اسے ٹورنامنٹ میں واپس آنے کے لیے کافی محنت کی ضرورت ہوگی۔ سابق کرکٹرز کا کہنا تھا کہ سری لنکا کا لوور مڈل آرڈر قدرے ناتجربہ کار ہے مگر وہ کنڈیشنز کا خوب فائدہ اٹھاتے ہوئے جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

کرن مورے ورلڈ چمپین آسٹریلیا کو اس ٹورنامنٹ کا فیورٹ نہیں مگر انڈرڈاگ یعنی چھپا رستم خیال کرتے ہیں۔