افغانستان اور بھارت کا میچ ٹائی ہو گیا

بھارت کے آخری کھلاڑی کو آؤٹ کر کے افغانستان ٹیم کے کھلاڑی خوشی کا اظہار کر ہے ہیں۔ 25 ستمبر 2018

ایشیاء کپ کے سپرفورمرحلے میں افغانستان اور دفاعی چیمپئن و ایونٹ میں ناقابل شکست بھارت کے درمیان میچ ٹائی ہوگیا۔

بھارت کو آخری اوور میں 7 رنز درکار تھے اور اس کی ایک وکٹ باقی تھی لیکن 6 رنز بنانے کے بعد جڈیجا اونچا شاٹ کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔

افغانستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین شہزاد احمد کو شاندار سنچری پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 253 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز لوکیش راہول اور امباتی رائیڈو نے 110رنز کا شاندار آغاز دیا۔ رائیڈو 57 بناکر آؤٹ ہوئے۔ 127 کے مجموعی اسکور پرراہول بھی 60رنز کی اننگز کھیل کرپویلین لوٹ گئے۔

یک بعد دیگر اوپنرز کے آؤٹ کے ہونے کے بعد دھونی اور منیش پانڈے بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 8 ،8 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے۔

کارتھک اور جادیو نے آہستہ آہستہ رنز بنانے کے سلسلے کو جاری رکھا لیکن افغان اسپنرز کے سامنے طویل شراکت داری قائم نہ کر سکے اور جادیو مشکل رن لینے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔49 ویں اوور میں کلدیپ اور کول کے رن آؤٹ ہونے کے بعد میچ دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی۔

اب بھارتی شائقین کی نظریں رویندر جڈیجا پرتھیں۔آخری اوور میں جیت کے لئے افغانستان کو ایک وکٹ جبکہ بھارت کو سات رنز کی ضرورت تھی۔ چار گیندوں پر چھ رنز بننے کےبعد اسکور برابر ہوگیا لیکن اس موقع پر جڈیجا نے راشد خان کی گیند پر اونچا شاٹ کھیلا جسے نجیب اللہ زدران نے کیچ کرلیا ۔

یو ں بھارت کی پوری ٹیم 252رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور میچ ٹائی ہوگیا۔

افغانستان کی طرف سے آفتاب عالم، محمد نبی اور راشد خان نے دو، دو جبکہ جاوید احمدی نے ایک وکٹ لی۔