نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں کو جرمانے

نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں کو جرمانے

کرکٹ کی عالمی تنظیم آئی سی سی نے نیوزی لینڈ کے کپتان ڈینیئل وٹوری اور کئیل ملز کے علاوہ جنوبی افریقہ کے بلے باز فاف ڈو پلیسس پر ایک روز قبل ہونے والے کوارٹر فائنل میچ کے دوران تنازع میں ملوث ہونے کی پاداش میں جرمانہ عائد کیا ہے۔

نیوزی لینڈ ٹیم کے بارہویں کھلاڑی ملز کو ”غیر مناسب رویے اور جان بوجھ کر“ مخالف کھلاڑی سے ٹکرانے کا قصوروار ثابت ہونے پر میچ فیس کی بیس فیصد رقم جب کہ اسی الزام میں کپتان وٹوری پر نوے فیصد رقم کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

تنظیم کے مطابق یہ کھلاڑی کرکٹ کے کھیل کے ضابطہ اخلاق کو مجروح کرنے کے مرتکب ہوئے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے پلیسس کو اس واقعے میں ملوث ہونے اور اسے بڑھاوا دینے پر میچ فیس کی پچاس فیصد رقم جرمانے کے طور پر ادا کرنا ہوگی۔

جمعہ کو بنگلہ دیش میں ورلڈ کپ کے تیسرے کوارٹر فائنل میچ میں اٹھائیسویں اوورز کے دوران ملز کھلاڑیوں کو پانی پلانے کے لیے گراؤنڈ میں آئے جس دوران یہ واقعہ پیش آیا۔ نیوزی لینڈ نے اس میچ میں جنوبی افریقہ کو 49رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی۔