چوتھا ٹیسٹ: انگلینڈ کا بھارت کے خلاف پراعتماد آغاز

چوتھا ٹیسٹ: انگلینڈ کا بھارت کے خلاف پراعتماد آغاز

برطانوی شہر اوول میں ہونے والے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں انگلینڈ نے بھار ت کے خلاف اچھا آغاز کیا ہے تاہم بارش ہوجانے کے باعث کھانے کے وقفے کے بعد پہلے دن کا میچ ختم کرنا پڑا۔

جمعرات کو میچ کے آغاز پر انگلینڈنے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کھانے کے وقفے تک بغیر کسی نقصان کے 75 رنز بنائے۔ تاہم بارش کے باعث کھانے کے وقفے کے بعد باقی دن کا میچ منسوخ کردیا گیا۔

میچ کے اختتام پر کپتان اینڈریو اسٹراس 38 اور ان کے ساتھی بلے باز الیسٹر کک 34 رنز پر کھیل رہے تھے۔

چار میچوں کی سیریز میں انگلینڈ ابتدائی تینوں میچ جیت کر پہلے ہی فیصلہ کن برتری حاصل کرچکا ہے جبکہ گزشتہ ٹیسٹ میں فتح کے نتیجے میں ٹیسٹ ٹیموں کی عالمی درجہ بندی میں انگلینڈ پہلی پوزیشن پر آگیا ہے۔

بھارت کی ٹیم پہلی پوزیشن سے محروم ہوکر عالمی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن پر چلی گئی ہے۔ درجہ بندی میں تنزل اور سیریز کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے میں مسلسل ناکامی کے باعث بھارت کی ٹیم کو سابق کھلاڑیوں اور کھیلوں کے شائقین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔

میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے انگلش کپتان اینڈریواسٹراس نے سیریز 0-4 سے جیت کر کلین سوئپ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ جبکہ بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی کا کہنا تھا کہ شائقین کے غصہ کوٹھنڈا کرنے کے لیے ان کی ٹیم چوتھا میچ جیتنے کی پوری کوشش کرے گی۔