ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: آفیشل پوسٹر پر بابر کی تصویر نہ ہونے پر شائقینِ کرکٹ ناخوش

کرکٹ ورلڈ کپ رواں برس اکتوبر، نومبر میں آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا۔

رواں برس اکتوبر میں آسٹریلیا میں شیڈول ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو گیا ہے۔ اسی مناسبت سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹرافی ٹور کی تفصیلات کے علاوہ ایک آفیشل تصویر بھی جاری کی ہے جس میں تمام ٹیموں کے اسٹار کھلاڑیوں کی تصاویر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 100 روزہ کانٹ ڈاؤن کے موقع پر جمعے کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں عالمی ایونٹ کی چمچاتی ٹرافی کی رونمائی کی گئی۔ خیال رہے کہ آسٹریلیا پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہا ہے۔

تقریب میں سابق آسٹریلوی اوپنر شین واٹسن، آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ، سابق پاکستانی کپتان وقار یونس، جنوبی افریقن بالر مورنے مورکل سمیت کرکٹ آسٹریلیا کے حکام نے شرکت کی۔

آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق 100 روز کے دوران ورلڈ کپ ٹرافی 13 ملکوں کے 35 مقامات پر جائے گی جن میں جرمنی، انڈونیشیا، فن لینڈ، گھانا، نمیبیا، جاپان، نیپال، سنگاپور اور فجی جیسے ملک بھی شامل ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق ان ملکوں میں ٹرافی کی رونمائی کا مقصد کرکٹ کو دنیا کے مختلف ملکوں میں روشناس کرانا ہے۔

اس حوالے سے آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تصویر بھی سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی ہوئی ہے اور پاکستانی شائقین اس میں بابر اعظم کی تصویر نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔

تصویر میں آسٹریلوی اسٹار بلے باز گلین میکسویل، جوس بٹلر، وراٹ کوہلی، کگیسو ربادا، شاہین شاہ آفریدی، راشد خان، ٹرینٹ بولٹ کے علاوہ دیگر ٹیموں کے اسٹار کھلاڑیوں کی تصاویر شامل ہیں، لیکن عالمی رینکنگ کے نمبر ون بلے باز بابر اعظم اس تصویر میں نہیں ہیں۔

وصی رندھاوا نامی صارف نے ٹویٹ کی کہ بابر اعظم آئی سی سی کی ٹوئنٹی رینکنگ میں ٹاپ پر ہیں، لیکن اُن ایونٹ کی پروموشنل تصویر میں جگہ ہی نہیں دی گئی۔

اعجاز علی نامی صارف بھی پوسٹر پر بابر اعظم کی تصویر نہ ہونے پر ناخوش ہیں۔ ٹویٹ میں اُن کا کہنا تھا کہ آئی سی سی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے دباؤ پر بابر اعظم کو شامل نہیں کیا۔

ایک اور صارف نے ٹویٹ کی کہ رینکنگ میں نمبر ایک اور دو پر موجود بیٹرز اس پوسٹرز میں کہاں ہیں اور نہ ہی بھارتی کپتان جسپریت بھمرا اس میں دکھائی دے رہے ہیں۔ کیا یہ مذاق ہے؟

خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان دوسرے نمبر پر ہیں۔

تنویر نامی صارف لکھتے ہیں کہ آپ پاکستان کو پیچھے دھکیلنے کی کوشش کر سکتے ہیں، لیکن ہماری ٹیم میدان میں سب سے آگے نظر آئے گی۔

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک آسٹریلیا میں کھیلا جائے گا جس میں 16 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ آسٹریلیا اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گا۔

شائقینِ کرکٹ کی نظریں 23 اکتوبر کو شیڈول پاک بھارت ٹاکرے پر ہیں جو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ اس معرکے کے تمام ٹکٹیں چند ہی منٹوں میں فروخت ہو چکی ہیں۔