دنیا بھر میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ اس وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ تک جا پہنچی ہے۔
صحت کے عالمی ادارے کے سربراہ ٹیڈراس ایڈہانم گیبریسس نے اپنے ایک ٹوئٹ پیغام میں کہا ہے کہ یہ ایک سنجیدہ پیغام ہے کہ اگرچہ ہم ویکسین کی تیاری اور علاج میں بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری اہم ذمہ داری ہے کہ اس وقت ہمارے پاس جو بھی وسائل موجود ہیں، اُنہیں وبا کا پھیلاؤ روکنے اور زندگیاں بچانے کے لیے استعمال کریں۔
جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ بدستور دنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں متاثرین کی تعداد 25 لاکھ اور اموات سوا لاکھ سے بڑھ چکی ہیں۔
امریکہ کی کئی ریاستوں میں وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جن میں فلوریڈا، جارجیا، ساؤتھ کیرولائنا، ایری زونا اور نیویڈا شامل ہیں، جہاں حالیہ دنوں میں کیسز کے تعداد میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ ٹیکساس سمیت جنوبی اور مغربی ریاستوں میں وائرس پھیل رہا ہے، جس سے ملک کا مجموعی گراف بڑھ گیا ہے جب کہ دو ہفتے پہلے وبا کے پھیلاؤ میں کمی کا رجحان تھا۔
ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ نے ہفتے کے روز 5700 نئے کیسز کی تشخیص کے بعد ریستورانوں اور شراب خانوں پر دوبارہ پابندی لگا دی ہے۔ ٹیکساس میں ہفتے کی شام تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2400 کے قریب تھی۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اوکلاہاما کے شہر ٹسلا سے 20 جون کو اپنی انتخابی مہم دوبارہ شروع کرنے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس دوران سماجی فاصلوں کا خیال نہیں رکھا گیا تھا۔
لاطینی امریکہ میں بھی کرونا وائرس کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے اور وہاں پازیٹو کیسز کی تعداد 20 لاکھ سے بڑھ چکی ہے۔ پین امریکن ہیلتھ آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ کولمبیا میں ہفتے کے روز 4149 نئے کیسز سامنے آئے۔ ایک ہفتے کے دوران یہ تیسرا موقع ہے کہ ایک دن میں اتنی بڑی تعداد میں کیسز رپورٹ ہوئے۔ کولمبیا میں متاثرین کی مجموعی تعداد اب 88600 تک پہنچ گئی ہے۔
برازیل سب سے زیادہ متاثرہ دوسرا ملک
برازیل میں مریضوں کی تعداد 13 لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے۔ امریکہ کے بعد دنیا بھر میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ دوسرا متاثرہ ملک ہے۔
جنوبی ایشیا میں بھارت اور پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے بھارت اس وقت عالمی فہرست میں چوتھے درجے پر ہے جب کہ پاکستان بارہواں متاثرہ ملک بن گیا ہے۔
جنوبی کوریا کے درالحکومت سیول میں دوبارہ وائرس پھوٹ پڑنے کی اطلاعات ہیں جس کی کڑیاں گرجاگھروں، نائٹ کلبوں اور ریستورانوں سے مل رہی ہیں۔
دوسری جانب یورپ میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک اٹلی میں نمایاں طور پر بہتری آ رہی ہے۔ ہفتے کے روز وہاں صرف 175 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور ایک ہلاکت ہوئی جو یکم مارچ کے بعد، جب وہاں وائرس پھیلنا شروع ہوا تھا، سب سے کم تعداد ہے۔