بھارت میں انیس سو نوے میں سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کا آغاز ہوا ۔ اسی سال کے وسط میں یہ چینل ڈش کی بدولت پاکستان میں پہلی مرتبہ دیکھے گئے ۔ زی ٹی وی بھارت کا پہلا چینل تھا جس نے بھارت میں ہی نہیں پورے ایشیاء میں وہ شہرت حاصل کی کہ سابقہ تمام ریکارڈز ٹوٹ گئے ۔ سیٹلائٹ چینل کی آمد سے بھارت میں دور درشن اور پاکستان میں پی ٹی وی پس پردہ چلا گیا۔
ان ٹی وی چینلز نے تفریح کی دنیا میں وہ انقلاب برپاکیا کہ دیکھتے ہی دیکھتے کروڑوں گھروں تک ٹی وی نشریات کی رسائی آسان اور نہایت سستی ہوگئی۔ نت نئے چینلز آنے لگے اور آج بھارت میں ٹی وی چینلز کی تعداد 500 سے زیادہ ہوگئی ہے۔یہی حال پاکستان کا ہے یہاں پانچ سالوں کے دوران ٹی وی ناظرین کی تعداد میں 36 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ٹی وی چینلز کی تعداد سو کے ہندسے کو عبور کرگئی ہے۔
چونکہ دونوں ممالک میں ایک دوسرے کے چینلز کے ساتھ ساتھ دوسرے ممالک کے ٹی وی چینلز بھی دیکھے جاتے ہیں لہذاچینلز کی تعداد کم و بیش ایک ہزار تو ہوگی ہی۔ اس قدر زیادہ چینلز کی موجودگی میں اب کسی بڑے چینل کے شروع ہونے کے امکانات بہت کم ہیں۔
گیلپ سروے کے مطابق کیبل اور سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کے 62 فیصد ناظرین تفریحی، 35 فیصد نیوز، 4 فیصد موسیقی اور تقریباً ایک فیصد ناظرین بزنس چینلز دیکھتے ہیں۔
انہی اعدادو شمار کو مد نظر رکھتے ہوئے اب موضوعاتی چینل لانچ ہونے لگے ہیں کیوں کہ تفریحی چینلز کی بھرمار ہوگئی ہے۔ بھارت اور پاکستان چونکہ ایک ہی جیسی ثقافت رکھتے ہیں اور دونوں ممالک میں کھانے پینے کے شوقین افراد کی تعداد میں کوئی کمی نہیں۔ پاکستان میں کھانا پکانا سیکھانے والے بڑے چینلز میں "ذائقہ" ،" ذوق" اور "مصالحہ" شامل ہیں ۔
ان چینلز کی کامیابی کومد نظر رکھتے ہوئے ہی بھارت سے اب تین نئے فوڈ چینلز شروع ہونے والے ہیں ۔
ملائیشیا کی ایسٹرو نامی کمپنی سیلیبرٹی شیف سنجیو کپور کی کمپنی ٹیمنڈس نیٹ ورک کے ساتھ مل کر ایک چینل 'فوڈ فوڈ' لانچ کرنے جارہی ہے۔ اس میں ایسٹرو کے اسی فیصد شیئر ز ہیں جبکہ بیس فیصد شیئرز سنجیو کپور کے ہیں۔ چینلز سے ہندی اور انگریزی دونوں زبانوں میں پروگرام پیش ہوں گے۔
دوسری جانب انٹرٹینمنٹ چینل "رئیل" کے مالک الوا بندھو اب نیا فوڈ چینل" فوڈ فرسٹ "شروع کررہے ہیں۔ان دنوں بھارت میں اس کی آزمائشی ٹرانسمیشن جاری ہے۔
تیسرا چینل زی نیٹ ورک کا ہوگا جو دوہزار گیارہ کی پہلی سہ ماہی میں باقاعدہ آن ائیر ہوگا۔ سنجیو کپور کا چینل بھی غالباً دوہزار گیارہ میں ہی شروع ہوگا۔
سنجیوکپور کا کہنا ہے کہ پروگراموں کو نشر کرنے کے لئے بھارتی ناظرین کی پسند کو ترجیح دی جائے گی۔ اس چینل کے کچھ پروگرامز کے نام سنجیو کپورز کچن، فرنگی تڑکا، صرف تیس منٹ اور ریڈی کک رکھے گئے ہیں۔ یہ پروگرامز موبائلز اور ویب پر بھی دیکھے جاسکیں گے۔