کانگو: ٹرین حادثہ، 60ہلاک

کانگو

ری پبلک آف کانگو میں ہونےوالےایک ریل حادثےمیں تقریباً 60افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔

ریل کمپنی کے عہدے داروں نے بتایا ہے کہ پیرکی رات گئے ریل گاڑی کےمسافروں سے بھرےچار ڈبے پٹری سے اُتر کر کھائی میں جا گرے۔ زندہ بچ جانے والوں اورعہدے داروں نے وجہٴ حادثہ تیزرفتاری کو قراردیا ہے۔

یہ حادثہ دارلحکومت برازاول جانے والی ریل گاڑی کو پیش آیا جب وہ پونتے نوئر کے جنوبی شہر سے 60کلومیٹر کے فاصلے پر تھی۔

حکومت کے عہدے داروں نے ہلاکتوں کی تعداد 49بتائی ہے لیکن آفت سے نبرد آزما ٹیم کے مطابق 60 ہلاک شدگان کی لاشیں تلاش کر لی گئی ہیں۔

عہدے داروں نے بتایا ہے کہ حادثے میں کم از کم 300افراد زخمی ہوئے ہیں، جِن میں متعدد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

بیس سال کے دوران یہ تیسرا اور سنگین ٹرین حادثہ ہے۔ 1991ء میں ہونے والے ایک حادثے میں 100سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔