امریکہ: شدید سردی کے باعث خریداری کے رجحان میں نمایاں کمی

ماہرین کا کہنا ہے کہ جنوری کے مہینے میں امریکہ بھر میں خریداری کے رجحان میں نمایاں کمی کی ایک وجہ شدید سردی بھی ہے۔
امریکہ بھر میں جنوری کے مہینے میں سٹوروں کی سیل میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

جنوری کے مہینے میں ہی امریکیوں کی جانب سے بے روزگاری الاؤنس کے لیے دی جانے والی درخواستوں میں اضافہ بھی دیکھا گیا ہے، جس کے بعد امریکی معیشت میں سستی کا رجحان بھی دیکھا گیا ہے۔

جمعرات کے روز امریکی محکمہ ِ کامرس کی جانب سے دئیے گئے اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ ایک ماہ میں امریکہ میں ریٹیل سیل میں 0.4% کمی نوٹ کی گئی ہے جبکہ گذشتہ برس دسمبر کے مہینے میں 0.1% اضافہ نوٹ کیا گیا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جنوری کے مہینے میں امریکہ بھر میں خریداری کے رجحان میں نمایاں کمی کی ایک وجہ شدید سردی بھی ہے۔

نیویارک میں ایک ماہر ِ معاشیات پیٹر کارڈلو کہتے ہیں کہ، ’خریداری کے رجحان میں کمی کی ایک وجہ شدید سردی کا موسم بھی ہے جس کی وجہ سے لوگ گھروں سے باہر نہیں نکل رہے۔ شدید سردی کے باعث ہی رواں برس کے پہلے مہینے میں معیشت میں اتنی بہتری نہیں دیکھی گئی جس کی توقع کی جا رہی تھی‘۔

امریکی لیبر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے اعداد و شمار کے مطابق بے روزگاری الاؤنس کی مد میں حاصل ہونے والی درخواستوں میں 8,000 درخواستوں کا اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے رواں ہفتے میں بے روزگاری کی کل درخواستوں کی تعداد 339,000 ہو گئی ہے۔