تبت: چین میں بدھ راہبہ کی خود سوزی

تبت: چین میں بدھ راہبہ کی خود سوزی

خود سوزی کے ایک واقع میں تبت کی ایک 18سالہ بدھ راہبہ چین کےجنوب مغربی صوبہ ٴسچوان میں اپنے آپ کو آگ لگا کر ہلاک ہوئیں۔

تبت کے سرگرم کارکنوں نے اُس راہبہ کی شناخت تینزن چوڈون کے طور پر کی ہے، جِن کی لاش کو واقع کے فوری بعد چینی سکیورٹی فورسز اٹھا کر لے گئیں۔ اُن کا تعلق مشرقی تبت کے اَبا علاقے کی راہباؤں کی قیام گاہ سے تھا، جسے فوری طور پر سربمہر کردیا گیا۔

راہبہ کی موت کے بعد گذشتہ سال سے اب تک تبت کے لوگوں کی طرف سے خودسوزی کے واقعات کی تعداد ایک درجن سے زائد ہوگئی ہے۔

حالیہ مہینوں کے دوران، چین کے تبت کے علاقے میں چین مخالف احتجاج میں 2008ء سے اب تک بہت تیزی آئی ہے اور حالات بدتر ہیں۔

چینی حکومت نے تبت کے جلا وطن روحانی رہنما، دلائی لاما اور بیرونِ ملک تنظیموں، مثلاً لندن میں قائم ’فِری تبت‘ تحریک، پر شورش برپا کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

چین 1950ء سے تبت پر حکمرانی کرتا آیا ہے۔