چین یورپی یونین کا سب سے بڑا تجارتی حصہ دار بن گیا

چین یورپی یونین کا سب سے بڑا تجارتی حصہ دار بن گیا

چین نے کہا ہے کہ امریکہ کی بجائے اب وہ یورپی یونین کا سب سے بڑا تجارتی حصہ دار بن گیا ہے۔

چینی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ جولائی میں پہلی مرتبہ چین اور یورپی یونین کے درمیان تجارت کا حجم امریکہ اور یورپ کے درمیان تجارتی حجم سے تجاوز کر گیا۔

یورپ کے شماریاتی ادارے، یورو سٹاٹ، کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے وزارت نے کہا ہے کہ جولائی میں یورپی یونین کے ساتھ چین کی مجموعی تجارت 49.4 ارب ڈالر رہی جو اس عرصے میں امریکی تجارتی حجم سے ایک اعشاریہ ایک ارب ڈالر زیادہ تھی۔

وزارت تجارت نے کہا ہے کہ جولائی میں یورپ کو چینی برآمدات میں تقریباً چھ فیصد کمی آئی لیکن وہاں سے درآمدات گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران درآمدات سے 12 فیصد زیادہ رہیں۔ مزید برآں اس ماہ کے دوران یورپ کی مجموعی درآمدات و برآمدات میں چین کا حصہ 13.4 فیصد رہا۔