چین: کرپشن کے الزام میں سابق سرکاری اہلکار پارٹی بدر

چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی نے مالی بدعنوانی کے الزام میں ایک سابق اعلیٰ سرکاری عہدے دار کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

چین کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوگئی تھی کہ محکمہ خوراک و ادویات کے ایک سابق اعلیٰ عہدیدار ژانگ زنگلی نے غیرقانونی طریقے سے مالی فوائد حاصل کئے جس کے بعد کمیونسٹ پارٹی کے ڈسپلنری بورڈ نے انہیں پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کیا۔

چین کی حکومت نے گزشتہ برس جون میں قواعد کی خلاف ورزی کے شبہے میں محکمہ خوراک و ادویات کے نائب سربراہ ژانگ زنگلی کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق کمیونسٹ پارٹی کی جانب سے کی گئی تحقیقات میں ثابت ہوا تھا کہ ژانگ زنگلی نے محکمہ کے نائب سربراہ کے طور پر دیگر لوگوں کو ناجائز طریقے سے فائدے پہنچائے اور اس کیلئے انہوں نے بڑی رقم لی۔ تحقیقاتی افسران نے یہ الزام بھی لگایا کہ زنگلی نے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا، بدعنوانی کی زندگی گزاری اور ملکی قوانین کی خلاف ورزی کی۔

رپورٹ کے مطابق چینی حکام نے ملزم کے تمام اثاثے ضبط کرلئے ہیں۔

بدعنوانی کے الزام میں کمیونسٹ پارٹی سے کسی چینی عہدے دار کی بے دخلی اس بات کا اشارہ ہے کہ حکومت نے اس کے خلاف عدالتی کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔