چین میں برڈ فلو سے ایک شخص ہلاک

حکام کا کہنا ہے کہ 31 سالہ متاثرہ شخص کے جسم کے متعدد اعضا نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا جس کے بعد اس کی موت واقع ہوگئی۔
چین کے جنوب مغرب میں برڈ فلو کے باعث ایک شخص ہلاک ہو گیا جو کہ رواں سال H5N1 وائرس سے ہونے والی دوسری ہلاکت ہے۔

گوئزہوؤ صوبے میں ہفتہ کو محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ 31 سالہ متاثرہ شخص کے جسم کے متعدد اعضا نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا جس کے بعد اس کی موت واقع ہوگئی۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژینہوا کا کہنا تھا کہ گزشتہ اتوار کو 21 سالہ لڑکی ایویان فلو کے باعث ہلاک ہو گئی تھی۔

ایجنسی کے مطابق ان مریضوں سے رابطہ کرنے والے 110 افراد کو بھی مختلف تجزیوں کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔ ان افراد کو ممکنہ طور پر بیماری کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے حفاظتی تحویل میں رکھا گیا تھا۔

انسانوں میں برڈ فلو کا وائرس متاثرہ پرندوں خصوصاً مرغیوں سے منتقل ہوتا ہے۔