فخر زمان نے بہترین بیٹسمین، محمد عامر نے بہترین بولر کا ایوارڈ جیت لیا

چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کے خلاف پاکستانی بیٹمین فخر زمان کی سنچری اور فاسٹ بالر محمد عامر کی جانب سے روہت شرما، ویراٹ کوہلی اور شیکھر دھون جیسے بڑے بھارتی بلے بازوں کو اپنا شکار بنانا ایوارڈ ز کا باعث بن گیا ہے۔

اس کارنامے کے سبب کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ نے فخر زمان کو سال 2017کے بہترین بیٹسمین اور محمد عامر کو بہترین بالرکے ایوارڈ ز سے نوازا ہے۔

کرک انفو کے مطابق، آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ کو ٹیسٹ کرکٹ کی بہترین اننگز کھیلنے پر ایوارڈ دیا گیا۔

یہ اننگ انہوں نے بھارتی شہر پونا میں کھیلی جو 109 رنز پر مشتمل تھی۔ اسی کی بدولت آسٹریلیا کو بھارت کے خلاف غیر متوقع کامیابی حاصل ہوئی۔

ٹیسٹ کے سب سے بہترین بولر کا ایوارڈ نیتھن لیون کو دیا گیا، جنہوں نے بنگلور ٹیسٹ میں 50 رنز دیکر آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔

گزشتہ سال کا بہترین کپتان انگلینڈ کی ویمن ٹیم کی کیپٹن ہیتھر نائٹ کو قرار دیا گیا۔

کچھ دیگر ایوارڈز کا ذکرکریں تو ٹی ٹوئنٹی میں بہترین اننگز کا ایوارڈ ایون لیوئس کو دیا گیا۔ افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان اور بھارت کے کلدیپ یادیو کو بھی ان کی پرفارمنس پر ایوارڈز دیئے گئے۔