’سی این این‘ کے مقبول پروڈیوسر، اینتھونی بورڈین چل بسے

امریکی ٹیلی ویژن کی مقبول شخصیت اور نامور شیف، اینتھونی بورڈین جمعے کو فرانس کے ایک ہوٹل میں مردہ حالت میں پائے گئے۔ وہ ’سی این این‘ کے لیے دنیا بھر میں کھانوں کی روایات پر مبنی سیریل پر کام کیا کرتے تھے۔ اُن کی عمر 61 برس تھی۔

موت سے متعلق خبر کی تصدیق کرتے ہوئے، ’سی این این‘ نے کہا ہے کہ جمعے کی صبح فرانس کے شہر، اسٹراس برگ میں بورڈین اور چیف ایرک رپرٹ بے سدھ پائے گئے۔ موت کی وجہ خودکشی بتائی جاتی ہے۔

سنہ 2000میں کتاب ’کچن کنفیڈینشل: ایڈوینچرز اِن دی کلینری انڈربیلی‘ شائع ہونے پر بورڈین کی مقبولیت کو چار چاند لگ گئے۔ کتاب میں اُنھوں نے اپنی ذاتی زندگی اور کیرئر کے بارے میں کھل کر باتیں لکھیں، جس میں اُنھوں نے غذا کی صنعت کے بارے میں بغیر لگی لپٹی باتیں کیں۔

یہ کتاب پیشہ ور خانساموں کے لیے رہنما درس گاہ کا درجہ رکھتی ہے، جسے بہت پذیرائی ملی۔

بورڈین نے خود بھی مقبولیت کی انتہا ہو چھوا جب اُن کی ’سی این این‘ کی سیریز ’پارٹس اَن نون‘ کو شہرت ملی۔ ’سی این این‘ کے مطابق، اِن دِنوں وہ اس پروگرام کی اگلی قسط پر کام کررہے تھے جب اُن کی موت کی خبر موصول ہوئی۔

’سی این این‘ کے انتظامی سربراہ، جیف زکر نے اسٹاف کو ایک رقعہ بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بورڈین کے موت کی اصل وجوہ ابھی غیر واضح ہیں، لیکن ہمیں اس بات کا پتا چل گیا ہے کہ ’’ٹونی نے اپنی زندگی کا چراغ خود ہی گُل کیا‘‘۔

زکر کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ’’ٹونی ایک غیرمعمولی شخص تھے۔ وہ کہانی کو ایک دلچسپ نکھار بخش دیتے تھے۔ وہ لکھنے کی خداداد صلاحیت کے مالک تھے۔ اُنھوں نے دنیا بھر کی سیاحت کی۔ وہ ایک مہم جُو تھے۔ اُنھوں نے ’سی این این‘ کو بہت کچھ دیا، جو اس سے قبل شاید کسی نے ادارے کو نہ دیا ہو۔ ہمارے لیے یہ انتہائی افسوس ناک دن ہے‘‘۔