عمران خان کی گرفتاری؛ شوبز اور اسپورٹس اسٹارز کیا کہتے ہیں؟

پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری پر پاکستان سمیت دنیا بھر سے شوبز ستاروں کا ردِ عمل سامنے آ رہا ہے۔

عمران خان کی گرفتاری کی خبر نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی میڈیا میں بھی شہ سرخیوں میں ہے۔ عمران خان کو منگل کے روز قومی احتساب بیورو (نیب) کے احکامات پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا گیا تھا۔

شعیب اختر نے کہا کہ "اپنے قومی ہیرو کو اس طرح دیکھنا دل دہلانے والا منظر ہے، ہمارے قومی ہیرو کے لیے کچھ تو احترام کا مظاہرہ کریں۔"

پاکستانی اداکار شان شاہد نے عمران خان کی گرفتاری پر کہا کہ "عمران خان کے ساتھ پوری قوم کی دعا ئیں ہیں، اللہ تعالی ان کی مدد فرمائے۔"

عمران خان کے ساتھ 1992 کے ورلڈ کپ فائنل سمیت کئی میچز میں پاکستان کو فتح دلوانے والے کرکٹر وسیم اکرم نے کہا کہ "آپ ایک انسان ہیں لیکن آپ میں طاقت لاکھوں کی ہے۔"

اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ "ایک سابق وزیر اعظم کو عام مجرم کی طرح جس طرح گرفتار کرکے لے جایا گیا وہ شرم ناک اور حیران کن ہے۔

معروف برطانوی گلوکار کیٹ اسٹیونز جو اسلام قبول کرنے کے بعد یوسف اسلام کے نام سے پہنچانے جانے لگے انہوں نے بھی عمران خان کی گرفتاری کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

بھارتی مصنف اشوک سوین نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی لندن میں رہائش گاہ کے باہر کے مناظر شئیر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج گلوبل ہو گیا ہے۔

پاکستانی نژاد برطانوی اداکارہ ارمینہ رانا خان نےعمران خان کو جلد از جلد رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔

وقار یونس نے اپنے سابق کپتان کی گرفتاری کو افسوس ناک قرار دیا۔

گلوکار جواد احمد جو خود بھی پاکستان برابری پارٹی کے سربراہ ہیں، انہوں نے عمران خان کی گرفتاری سے پہلے کی لی گئی تصویر کو ڈرامہ قرار دیا۔

عمران خان کی گرفتاری پر ہونے والے ہنگاموں پر تنقید کرتے ہوئے جواد احمد نے کہا کہ ان نادان لوگوں کو سوچنا چاہیے کہ عمران خان کے اپنےبچےاپنےباپ کی گرفتاری پرلندن میں آرام سےبیٹھےہیں جب کہ کارکن سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔

مصنفہ شمع جونیجو نے بھی عمران خان کی نیب عدالت میں حاضری کے موقع پر لی گئی تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ اس تصویر میں پی ٹی آئی چیئرمین بظاہر ٹھیک ہی نظر آ رہے ہیں۔

اداکارہ عفت عمر جو عمران خان کے ناقدین میں سے ایک ہیں، ا نہوں نے سابق وزیر اعظم کی گرفتاری پر حیرانی کے ایموجیز بنانے پر ہی اکتفا کیا۔