کیلی فورنیا: مسافر کشتی میں آتش زدگی سے 25 افراد ہلاک

حکام نے کشتی حادثے میں 9 افراد کے لاپتہ ہونے کی بھی تصدیق کی ہے۔

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا میں تفریحی سفر پر جانے والی ایک کشتی میں آگ لگنے سے 25 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ نو افراد لاپتا ہیں۔

خبر رساں ادارے ’اے پی‘ کے مطابق پیر کو کیلی فورنیا کے ساحل کے نزدیک ’اسکوبا ڈائیونگ‘ کے لیے جانے والی ایک کشتی میں آگ بھڑک اٹھی۔

آگ اس قدر خوفناک تھی کہ اس نے پوری کشتی کو اپنی لپیٹ میں لیے رکھا اور کشتی کے زیریں حصے میں موجود افراد کو باہر نکلنے کا موقع بھی نہ مل سکا۔

حکام نے 25 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 9 افراد مزید لاپتا ہیں اور ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

کوسٹ گارڈ کے ایک افسر مارک بارنی کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی کشتی سے عملے کے پانچ ارکان اپنی جان بچا کر نکلنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور انہوں نے آگ میں لپٹی کشتی سے چھلانگ لگا کر قریب میں موجود ’دی گریپ اسکیپ‘ نامی ایک دوسری کشتی میں پناہ لی تھی۔

’گریپ اسکیپ‘ نامی کشتی کے مالک اور واقعے کے عینی شاہد بوب اور شِرلی ہینسن نے امریکی اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ کو ایک انٹرویو میں اس حادثے کی تفصیلات بتائی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ سو رہے تھے جب انہوں نے رات ساڑھے تین بجے کے قریب کچھ آوازیں سنیں۔ جب وہ جاگے تو آتش زدہ کشتی کے عملے کے افراد کو موجود پایا۔

ہینسن کے مطابق، " جب ہم نے دیکھا تو اُن کی پوری کشتی آگ میں لپٹی ہوئی تھی اور ہماری کشتی سے صرف 100 گز کے فاصلے پر تھی۔ اس میں ہر تھوڑی دیر بعد دھماکے ہو رہے تھے اور یہ منظر بہت خوفناک تھا۔"


انہوں نے کہا کہ کشتی میں لگی ہوئی آگ بہت زیادہ تھی، ہم کچھ بھی نہیں کر سکتے تھے۔

ہینسن کے مطابق، آتش زدہ کشتی کے عملے کے دو افراد متاثرہ کشتی کو دوبارہ دیکھنے بھی گئے، تاکہ کسی زندہ بچ جانے والے کی مدد کی جا سکے۔ لیکن وہاں کوئی بھی موجود نہیں تھا۔

متاثرہ کشتی کیلی فورنیا کے شہر سینٹا باربرا کی ایک کمپنی ’ٹروتھ ایکواٹکس‘ کی ملکیت تھی۔

دیو ریڈ نامی ایک شخص اپنی اہلیہ کے ہمراہ اس کشتی پر پہلے سفر کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس کمپنی کی تینوں کشتیاں محفوظ اور سب سے بہترین مانی جاتی ہیں۔

دیو کا کہنا تھا کہ آپ ’ٹروتھ ایکواٹکس‘ کی کشتیوں کو جب بھی دیکھیں وہ آپ کو بے عیب ملیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اب بھی ان کی کشتیوں میں جانے سے نہیں ہچکچاؤں گا۔


کوسٹ گارڈز کے ریکارڈ کے مطابق اس کشتی کا گزشتہ فروری اور اگست 2018 میں معائنہ ہوا تھا۔ لیکن کشتی میں میں کوئی خرابی نہیں پائی گئی تھی۔ البتہ اس سے قبل ہونے والے معائنوں میں تحفظ کے قوانین کی کچھ خلاف ورزیاں پائی گئی تھیں، جن میں آگ سے بچاؤ کے تحفظ سے متعلق بعض اقدامات کی خلاف ورزیاں بھی شامل تھیں۔