بان کی مون کے چیف آف سٹاف برما کا دورہ کریں گے

بان کی مون کے چیف آف سٹاف برما کا دورہ کریں گے

برما کے عہدے داروں نے کہاہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بن کی مون کے چیف آف سٹاف اس ہفتے برما کا دورہ کررہے ہیں، جس کے دوران وہ حکومت اور حزب اختلاف کے راہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔

منگل کے روز عہدے داروں نے کہا کہ توقع ہے کہ وجے نمبائر وزیر خارجہ وونا مونگ لیون اور حزب اختلاف کی مقبول راہنما آن ساں سوچی اور سرکاری طورپر تسلیم شدہ حزب اختلاف کی جماعتوں کے راہنماؤں سے ملیں گے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آیا وہ نئے صدر تھین سین سے بھی ملاقات کریں گے یا نہیں۔

سیکرٹری جنرل کے چیف آف سٹاف نے ، جو برما کے امور پر مسٹر بن کی مون کے مشیر بھی ہیں، اس سے قبل نومبر کے انتخابات کے بعد برما کا دورہ کیا تھا۔ اس وقت انہوں نے حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ حزب اختلافات کی جماعتوں کی شکایات دور کریں۔

اپنے گذشتہ دورے کے موقع پر انہوں نے آنگ ساں سوچی سے ملاقات نہیں کی تھی، جنہیں انتخابات کے انعقاد کے کئی دن کے بعد گھر پر نظربندی سے رہائی ملی تھی۔ ان کی جماعت نے انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھا اور حکومت نے ان کی پارٹی تحلیل کرنے کا حکم دیا تھا۔

برما میں طویل عرصے سے اقتدار میں موجود فوجی حکومت کا مارچ میں خاتمہ ہونے کے بعد تھین سین کی قیادت میں ایک برائے نام سویلین حکومت قائم ہوئی تھی۔ تاہم نئی انتظامیہ اور قانون سازوں میں ماضی اور موجودہ فوجی عہدے داروں اور ان کے قریبی اتحادیوں کی واضح اکثریت موجود ہے۔