برما کے شہر منڈالے میں منگل کے روز پانچ بودھ بھکشوؤں نے ایک منفرد احتجاج کے ذریعے سینکڑوں لوگوں کی حمایت اور توجہ حاصل کرلی۔
لوگوں کا کہناہے کہ بھکشوؤں نے خود کو شہر کے وسط میں واقع ایک بودھ پگوڈا میں مقفل کرلیااور وہ وہاں کئی گھنٹوں تک رہے۔ اس دوران انہوں نے بینر لہرائے اور لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے سیاسی قیدیوں کی رہائی کے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے۔
عینی شاہدوں کا کہناہے کہ اس کے بعد بھگشو اپنا احتجاج جاری رکھتے ہوئے سینکڑوں افراد کے جلوس کے ساتھ قریب واقع ایک بودھ عبادت گاہ میں چلے گئے۔
بھکشوؤں کے بینروں پر قیدیوں کی رہائی کے ساتھ ساتھ نسلی اقلیتوں کے خلاف خانہ جنگی ختم کرنے کے مطالبات بھی درج تھے۔
یہ مظاہرہ ایک روز سیاسی قیدیوں کی متوقع رہائی میں ناکامی کے بعد ہوا ہے۔
حکومت نے حال ہی بڑے پیمانے پر جس معافی کا اعلان کیاتھا اس میں تقریباً 200 سیاسی قیدی بھی شامل تھے۔ لیکن انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہناہے کہ ابھی 1600 سے زیادہ ایسے قیدی بدستور حکومت کی تحویل میں ہیں۔