برما میں سیلاب اور تودے گرنے سے درجنوں افراد ہلاک

برما میں سیلاب اور تودے گرنے سے درجنوں افراد ہلاک

برما کے سرکاری ٹیلی ویژن ”ایم آر ٹی وی“ کے مطابق ملک میں شدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے رواں ہفتے میں کم از کم 46 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق 28افراد مونگ داؤجب کہ کم از کم 18 افراد بوتھیڈونگ کے علاقے میں ہلاک ہوئے ۔ ان دونوں علاقوں کی سرحدیں بنگلہ دیش سے ملتی ہیں جہاں منگل کے روز مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم 53 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

برما کے موسمیاتی ادارے کے مطابق مونگ داؤ میں صرف ایک دن کے دوران 13 انچ سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

امدادی تنظیموں اور علاقائی حکام متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد کومحفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ 2008ء میں برما کے جنوبی علاقوں میں آئے سمندری طوفان سے تقریباً 140,000 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔