برما میں ذرائع کا کہناہے کہ شمالی ریاست کاچن کے صدر مقام میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں بچوں سمیت 10 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ذرائع نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر پیر کے روز بتایا کہ اتوار کو دیر گئے ہونے والے بم دھماکے بعد مٹھینا شہر میں تین گھروں کو آگ لگ گئی جس سے کم ازکم 23 افراد زخمی بھی ہوئے۔ ان گھروں میں رہنے والوں میں زیادہ تر یتیم بچے تھے۔
فوری طورپر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ کس نے اور کیوں بم نصب کیا تھا ۔ لیکن سرکاری کنٹرول کے اخبار نیولائٹ میانمر نے کہاہے کہ ہفتے کے روز اسی شہر میں دو اور بم دھماکے بھی ہوئے تھے ، جن سے کوئی قابل ذکر نقصان نہیں پہنچا۔
ریاست کاچن میں سرکاری فورسز نسل پرست باغیوں کے خلاف فوجی کارروائیاں کررہی ہیں۔