بیلجیئم نے اپنے دارالحکومت برسلز میں "انتہائی خطرے" کا انتباہ جاری کرتے ہوئے سکیورٹی کو انتہائی درجے تک بڑھا دیا ہے۔
حکومت نے ہفتہ کو علی الصبح خطرے کو درجہ چار تک بڑھا دیا جو کہ انتہائی خطرے کے زمرے میں آتا ہے۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ " یہ برسلز کے خطے کو سنگین خطرے" کو اجاگر کرتا ہے۔ بیان میں شہریوں کو متنبہ کیا کہ اگر ممکن ہو تو وہ پرہجوم مقامات سے دور رہیں۔
انتہائی خطرے کا یہ انتباہ پیرس میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا ہے جہاں داعش سے وابستہ شدت پسندوں نے مختلف مقامات پر حملے کر کے 130 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔
اس حملے کے ایک اہم ملزم صالح عبدالسلام کے بارے میں باور کیا جاتا ہے کہ وہ بیلجیئم میں ہیں۔ اسے آخری مرتبہ فرانس سے بیلجیئم کی سرحد پر دیکھا گیا جہاں پولیس نے اسے روکا اور اس سے پوچھ گچھ کے بعد اسے جانے دیا۔
جمعہ کو دیر گئے بیلجیئم نے ایک تیسرے پر بھی پیرس حملوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا لیکن اس کی شناخت یا تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔ حکام نے پہلے ہی دو افراد کو ایسے ہی الزامات کے تحت تحویل میں لے رکھا ہے۔
جمعرات کو برسلز کے مختلف علاقوں میں نو چھاپے مارے گئے اور نو افراد کو حراست میں لیا گیا۔
جہاں یہ چھاپے مارے گئے ان میں ایک وہ جگہ بھی شامل ہے جہاں عبدالسلام اپنے بھائی ابراہیم عبدالسلام کے ساتھ رہتا رہا ہے۔ ابراہیم نے خود کو پیرس حملوں کے دوران بارودی مواد سے اڑا لیا تھا۔