برطانیہ: ٹیلی فون اسکینڈل میں ایک اور گرفتاری

برطانیہ: ٹیلی فون اسکینڈل میں ایک اور گرفتاری

برطانوی پولیس نے چوری چھپے لوگوں کی ٹیلی فون کالز سننے سے متعلق اخبار نیوز آف دی ورلڈ کے اسکینڈل میں ایک اور شخص کو گرفتار کیا ہے۔

لندن کی پولیس کا کہناہے کہ گرفتار کیا جانے والا شخص 61 سالہ گیری مسکیو ہے ، جو اس سے قبل ادارے میں سینئیر ایڈیٹر رہ چکاہے۔ اس پر ٹیلی فون کالز میں دراندازی کی سازش میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ جنوری میں اس اسیکنڈل کے منظرعام پر آنے کے بعد سے وہ گرفتار ہونے والے12 وین شخص ہیں۔

مسکیو کا، جو کچھ عرصے سے جنوبی امریکی ریاست فلوریڈا میں رہ رہے تھے،کہناہے کہ وہ پولیس سے بات چیت کے لیے رضاکارانہ طورپر دوبارہ برطانیہ آئے ہیں۔

ٹیلی فون اسکینڈل میں اس سے قبل گرفتار کیے جانےوالے افراد میں نیوز آف دی ورلڈ کے ایڈیٹر بروکس اور اینڈی گلوسن بھی شامل ہیں ۔انہوں نے جنوری میں اخبار سے استعفی ٰ دے دیا تھا۔

نیوز آف دی ورلڈ پچھلے ماہ ا ن الزامات کے بعد بند کردیا تھا کہ اس سے منسلک صحافیوں نے سینکڑوں اہم شخصیات، سیاست دانوں، اپنے حریف صحافیوں ، حتی کہ بعض مقتولین سے تعلق رکھنے والے افراد کے موبائل فونز ، اور وائس میل تک غیر قانونی طورپر رسائی حاصل کرلی تھی۔

اخبار کے عہدے داروں پہ اس شبے کا اظہار بھی کیا گیا ہے کہ انہوں نے اطلاعات کے حصول کے لیے پولیس کو رشوت بھی دی تھی۔