برطانیہ میں نومبر میں گرم ترین دن کا ریکارڈ

ٹروسگوڈ کے علاقے میں درجہ حرارت بائیس اعشاریہ چار ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا جس سے نومبر 1946 کے گرم ترین دن کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ۔

برطانیہ میں نومبر کے مہینے میں گرمی کا 59سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، جب اتوار کو ویلز میں درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اتوار کے روز برطانیہ میں نومبر کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا جبکہ ملک کے جنوبی حصوں میں صبح سے سخت دھند چھائی رہی جس کی وجہ سے ان علاقوں میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔

برطانوی محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اتوار کے روز سب سے زیادہ درجہ حرارت وسطی ویلز میں دوپہر 2 بجے ریکارڈ کیا گیا جب ٹروسگوڈ کے علاقے میں درجہ حرارت بائیس اعشاریہ چار ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا جس سے نومبر 1946ء کے گرم ترین دن کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

ریکارڈ کے مطابق اس سے قبل ویلز میں نومبر میں گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا تھا جب چار نومبر کو پریسٹیٹن کے علاقے میں درجہ حرارت 21.7 ریکارڈ کیا گیا تھا۔

نشریاتی ادارے اسکائی نیوز کے مطابق ماہرین موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اتوار کے روز ایک طویل عرصے کا ریکارڈ ٹوٹ جانے کے بعد پیر دو نومبر کو ایک بار پھر گرمی کا یہ تازہ ریکارڈ بھی ٹوٹ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ غیر یقینی گرم موسم اور مرطوب ہوا کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔

ماہرین موسمیات نے برطانیہ اور ویلز کے بیشتر مقامات پر اتوار کی شب سے پیر کی دوپہر تک دھند کے لیے زرد انتباہ جاری کیا ہے۔

ادھر اتوار کو ملک کے کئی حصوں میں صبح سے دھند چھائی رہی جس کی وجہ سے ان علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی جبکہ مغربی لندن میں بین الاقوامی ہوائی اڈے ہیتھرو پر متعدد پروازوں کو گہری دھند کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔

تاہم جن مقامات پر دھند نہیں تھی وہاں پورا دن سورج پوری آب و تاب سے چمکتا رہا اور نومبر کے مہینے میں چھٹی کے روز لوگوں نے غیر متوقع گرم موسم کا خوب لطف اٹھایا۔

محکمہ موسمیات نے پیر کے روز مزید گرمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے بدھ اور جمعرات کو بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے ریکارڈ کے مطابق برطانیہ میں نومبر میں اوسط درجہ حرارت 10 سے 12 سینٹی گریڈ تک رہتا ہے۔

خاص طور پر برطانیہ کے جنوبی حصوں اور لندن میں درجہ حرارت 12 سے 13 سینٹی گریڈ رہتا ہے جبکہ اس سال ماہرین موسمیات کی جانب سے لندن سمیت جنوبی حصوں کے لیے کم سے کم درجہ حرارت 16 سینٹی گریڈ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

اسی طرح اسکاٹ لینڈ جہاں نومبر کے مہینے میں درجہ حرارت 8 سے 10 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جاتا ہے رواں برس درجہ حرارت 13 سے 15 سنٹی گریڈ تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔