دنیا کے پانچ ابھرتی ہوئی معاشی طاقتوں کے اتحاد 'بِرِکس' نے ایک مشترکہ ترقیاتی بینک کے قیام پر اتفاق کرلیا ہے۔
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں جاری پانچ ملکی اتحاد کا سربراہی اجلاس بین الاقوامی معاشی اداروں میں مزید نمائندگی دیے جانے کے مطالبات کے ساتھ جمعرات کو اختتام پذیر ہوگیا۔
اتحاد برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ پر مشتمل ہے۔ پانچ رکنی اتحاد میں شامل ممالک انتہائی گنجان آباد ہیں اور دنیا کی 40 فی صد آبادی کی نمائندگی کرتے ہیں۔
سربراہی اجلاس کے میزبان اور بھارت کے وزیرِ اعظم من موہن سنگھ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گروپ کے رکن ممالک باہمی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک مشترکہ ترقیاتی بینک کے قیام کی جانب پیش رفت کر رہے ہیں جسے دیگر ترقی پذیر ممالک کی مدد سے چلایا جائے گا۔
مجوزہ بینک رکن ممالک اور دیگر ترقی پذیر قوموں کو سرمایہ کاری اور قرضے فراہم کرے گا جس سے ان ممالک کا مغربی معاشی اداروں پر انحصار کم ہوگا۔