عامر خان کی نئی فلم 'دھوبی گھاٹ' کی آئندہ جمعہ سے نمائش

عامر خان کی نئی فلم 'دھوبی گھاٹ' کی آئندہ جمعہ سے نمائش

عامر خان پروڈکشنز کی نئی فلم "دھوبی گھاٹ" آئندہ جمعہ کو یعنی21 جنوری کو سنیما گھروں کی زینت بننے جارہی ہے۔ فلم کے فنکاروں میں عامر خان، پراتیک ببر، دان حسین، مونیکا ڈوگرہ اور کریتک ملہوترہ شامل ہیں۔ فلم کو عامر خان کی بیوی کرن راوٴ نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ یہ ان کی پہلی فلم ہے۔ فلم کا اسکرین پلے اور کہانی بھی کرن راؤ نے ہی لکھی ہے۔ فلم کی خاص بات اس کا میوزک ہے جسے ارجنٹائن کے مشہور میوزک ڈائریکٹر Gustavo Santaolalla نے ترتیب دیا ہے۔انہیں کئی بین الاقوامی ایوارڈز مل چکے ہیں۔

"دھوبی گھاٹ" کی کہانی حقیقت پر مبنی ہے اور مختلف پس منظررکھنے والے چار افرادکے گرد گھومتی ہے۔ یہ بظاہر ایک دوسرے سے مختلف ہیں مگر چاروں ایک دوسرے سے جڑے ہیں اور آپس میں گہرے تعلقات رکھتے ہیں۔ ان میں سے ایک ارون (عامر خان )ہے جو پینٹر ہے اور اکثر پینٹنگز میں مصروف رہتا ہے۔ دوسرا منا ہے جو دھوبی ہے مگر فلموں میں کام کرنے کا شوقین ہے۔ تیسری ایک لڑکی شائی ہے جو بھارتی نژاد امریکی اور پیشے کے اعتبار سے بینکر ہے اور ان دنوں بھارت آئی ہوئی ہے ۔ چوتھی یاسمین ہے جو اترپردیش کے ایک چھوٹے سے گاوٴں میں پلی بڑھی ہے مگرشادی کے بعد سے ممبئی میں رہائش پذیر ہے۔

کہانی اس وقت نئے موڑ لیتی ہے جبکہ چاروں کی خواہشات ایک دوسرے سے ملنے لگتی ہیں۔ فلم تمام انسانی جذبات کی عکاسی کرتی ہے جن میں تنہائی، محبت اور نقصان، فائدے ۔۔۔ سب کو پکچرائز کیا گیا ہے۔ ان احساسات کو اس انداز میں فلمایا گیا ہے کہ دیکھنے والا اس کی جانب کھنچا چلا جاتا ہے۔ اسے لگتا ہے کہ وہ دھوبی گھاٹ کی مصروف دنیا کا ہی ایک جزو ہے۔

عامر خان کا کہنا ہے کہ فلم حساس اور سادہ مزاج افراد کی کہانی ہے جو ناظرین کو اپنے دل سے قریب محسوس ہوتی ہے۔ یہ فلم ممبئی اور دوسرے علاقوں سے یہاں آکر بسنے والے افراد کو اپنی نظر سے ممبئی دیکھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ عامر کا یہ بھی کہنا ہے کہ فلم عام ڈگر سے بالکل مختلف ہے ۔ نہ اس میں گانے ہیں نہ ڈانس۔۔ یہ فلم انڈین سینما کو ایک نئے انداز سے روشناس کرائے گی۔