بالی وُوڈ فلموں کے جمعہ بازار میں 3 نئی فلمیں

اس ہفتے جس فلم کے سب سے زیادہ چرچے ہیں وہ ہے تشار کپور، رنویر سنگھ اور ورشا کی فلم 'بجاتے رہو۔'
بالی وُوڈ میں ہر جمعہ کو لگنے والے ’فلموں کے جمعہ بازار‘ میں آج مزید 3 فلموں ”بجاتے رہو“، ”عشق“ اور”نشہ“ کا اضافہ ہوگیا ہے۔ تینوں فلموں میں سے سب سے زیادہ جس فلم کے چرچے ہیں وہ ہے تشار کپور، رنویر سنگھ اور ورشاکی فلم "بجاتے رہو."

نام کے لحاظ سے ہوسکتا ہے آپ کو کوئی تحفظ ہو لیکن ’فلمی پنڈتوں‘ نے اپنے تجربے کی بنیاد پر پیش گوئی کی ہے کہ یہ فلم باکس آفس پر اچھا بزنس کرے گی۔ اب یہ پیش گوئی کس حد تک سچ ثابت ہوتی ہے یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا۔

بھارتی ویب سائٹ ’گلیم شیم‘ کے مطابق ”بجاتے رہو“ کا میوزک فلم سے پہلے ہی ہٹ ہوچکا ہے، اس لئے فلم کی کامیابی کے بھی اچھے خاصے چانسز ہیں۔ جمعہ کو ہی ریلیز ہونے والی دوسری فلم ”عشق“ کے بارے میں بھی امیدیں تو بہت ہیں لیکن یقینی طور پر کچھ نہیں کہا جا رہا۔

ماضی کی مشہور ہیروئن رتی اگنی ہوتری کے بیٹے تنوج ویرانی اور پونم پانڈے کی فلم ’نشہ‘ ریلیز سے پہلے ہی بولڈ مناظر اور پوسٹرز کی وجہ سے تنازعات کا شکار ہوچکی ہے اس لئے فلم کتنا بزنس کر پائے گی اس بارے میں یقین سے کچھ بھی کہنا مشکل ہے۔

گذشتہ جمعہ کو ریلیز ہونے والی فلموں کے بارے میں بات کریں تواس ہفتے دو اہم اور قابل ذکر فلمیں سینما گھروں کی زینت بنی تھیں جن میں ایک نکھل ایڈوانی کی ڈائریکٹ کردہ ’ڈی ڈے‘ اور ٹپس فلمز کی ’رے میاوستا ویا‘ شامل ہیں۔

ریلیز کے پہلے ویک اینڈ پر گریش اور شروتی کی ’رے میاوستا ویا‘ نے تقریباً 15کروڑ روپے کمائے جبکہ ’ڈی ڈے‘ کا بزنس تقریباً 12کروڑ روپے رہا۔

راکیش اوم پرکاش مہرہ کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ کی ریلیز کا یہ دوسرا ہفتہ تھا۔ اس کی باکس آفس پر اوپننگ کمال کی رہی اور فلم نے پہلے ہفتے میں صرف ممبئی میں 7کروڑ روپے کمائے جبکہ پورے بھارت میں فلم نے 53کروڑ کا بزنس کیا۔ آثار بتا رہیں کہ ’بھاگ ملکھابھاگ‘ ہٹ سے سپر ہٹ کا سفر تیزی سے طے کرلے گی۔

سنجے دت کی فلم ”پولیس گیری“ ریلیز کے دوسرے ہفتے میں ہی باکس آفس پر ہلکی پڑ گئی اور پورے بھارت میں دو ہفتوں میں صرف 18کروڑ ہی کما سکی۔

رنویر سنگھ اور سوناکشی سنہا کی ’لٹیرا‘ بھی دوسرے ہفتے ہی کریش کر گئی۔ فلم دو ہفتوں میں اوسط سے بھی کم بزنس کرسکی۔ اس نے توقع کے برخلاف صرف28 کروڑ کا بزنس کیا۔

سونم کپور اور دھنش کی ’رانجھنا‘ باکس آفس پر سپر ہٹ ہوگئی۔ چار ہفتوں میں فلم نے 60 کروڑ روپے کمائے۔