واشنگٹن میں واقع 'لنکن میموریل' نامی یادگار پر مذہبی رواداری کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے مسلمانوں، یہودیوں، مسیحیوں اور ہندووں نے مشترکہ طور پر جشن ولادت رسول محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور یسوع مسیح منایا۔
مسلمانوں اور مسیحیوں کی دو مختلف مذہبی تقریبات - کرسمس اور عید میلاد النبی - کو مشترکہ طور پر منانے کا یہ منفرد واقعہ تھا جسے تقریب کے شرکا نے خوب سراہا۔
مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ہونے والی یہ تقریب 'امریکن مسلم انسٹی ٹیوشن' نے اسلامک سوسائٹی اف واشنگٹن ایریا، یونیورسل پیس فیڈریشن، آل ڈیلس ایریا مسلم سوسائٹی (آدم) اور دیگر تنظمیوں کے تعاون سے منعقد کی تھی۔
تقریب کے باضابطہ آغاز سے قبل لنکن ممیوریل کی سیڑھیوں پر با آواز بلند اذان دی گئی جس کے بعد تقریب کے مسلمان شرکا نے باجماعت نماز ظہر ادا کی۔
تقریب میں مسلم اسکاوٹس نے امریکی ملی نغمے کےبعد علامہ اقبال کی مشہور نظم "لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری" بھی کورس کی صورت میں گائی۔
عید ملاد النبی کی مناسبت سے مسلمان بچوں نے مشہور نعت "یا نبی سلام علیک" اور قصیدہ بردہ شریف پڑھے اور مسیحی برادری کے ساتھ مل کر کرسمس کے گیت بھی گائے۔
امریکن مسلم انسٹی ٹیوشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مائک غوث نے اس موقع پر خطاب میں کہا کہ ہم جن ہستیوں کا جشن ولادت منارہے ہیں دونوں ہی نے دنیا میں امن قائم کیا اور انسانیت کا درس دیا۔ ان کے ماننے والے امن کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو مل کر دور کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں آنے والی نسلوں کے لیے بہتر اور پر امن دنیا بنانا ہوگی۔
تقریب سے خطاب میں ہندو رہنما مسٹر گوتم نے امن کے لئے مہاتما گاندھی کا پیغام پڑھ کرسنایا جس میں بلاامتیاز عقائد، باہمی رابطے اور برداشت کا درس دیا گیا تھا۔
بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے سرگرم یہودی کارکنوں نے بھی اس تقریب کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دو بڑے مذاہب کی مقدس ہستیوں کا جشن منا کر ہم نے نفرت کے خلاف تحریک شروع کردی ہے۔
وٹنری چرچ واشنگٹن ڈی سی کے چارلس اسٹیون نے اس موقع پر کہا کہ اس پروگرام کے ذریعہ رواداری اور باہمی احترام کو فروغ ملے گا۔
یونائیٹڈ میتھوڈسٹ چرچ ہیرڈن کی رکن کیتھرین وئیب نے کہا کہ امریکہ کی یہی خوبصورتی ہے کہ تمام عقائد یکساں احترام کے حقدار ہیں اور ہم امریکی ان اقدار کو فروغ دینے کے لئے کوشاں رہیں گے۔
تقریب میں تمام مذاہب کے لوگ موجود تھے جبکہ لنکن میموریل کی سیر کے لیے آنے والے سیکڑوں سیاحوں نے بھی اس تقریب کو دیکھا، مقررین کو سنا اور کرسمس سونگ میں شریک ہوئے۔
Your browser doesn’t support HTML5