جو بائیڈن کی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کا وقت طے، وائٹ ہاؤس کی تصدیق

  • صدر جو بائیڈن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات اوول آفس میں ہو گی۔
  • وائٹ ہاؤس کے مطابق بائیڈن کی نو منتخب صدر سے ملاقات بدھ کو ہو گی۔
  • انتخابی نتائج میں ری پبلکن امیدوار کی واضح برتری کے بعد بائیڈن پہلے ہی ٹرمپ کو مبارک باد دے چکے ہیں۔
  • صدر بائیڈن نے پرُامن انتقالِ اقتدار کا وعدہ کیا ہے۔

ویب ڈیسک — امریکہ کے صدر جو بائیڈن نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں بدھ کو ملاقات کریں گے۔ بائیڈن پہلے ہی ری پبلکن پارٹی کی فیصلہ کن کامیابی کے بعد اقتدار کی پرُامن متنقلی کا وعدہ کر چکے ہیں۔

وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ بائیڈن اور ٹرمپ کے درمیان مقامی وقت کے مطابق دن 11 بجے اوول آفس میں ملاقات ہوگی۔

ڈونلڈ ٹرمپ 2024 کے الیکشن میں تاریخی کامیابی کے بعد ایک بار پھر وائٹ ہاؤس کے مکین بننے جارہے ہیں۔

ٹرمپ آئندہ برس جنوری میں صدارت کی ذمے داریاں سنبھالیں گے۔

ری پبلکن پارٹی کے امیدوار 78 سالہ ٹرمپ نے دو مرتبہ مواخذے اور عدالت سے فیلنی کے مرتکب قرار پانے کے باوجود الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔

ایگزٹ پولز کے مطابق رائے دہندگان کے لیے کرونا وبا کے بعد بننے والی بائیڈن حکومت میں پیش آنے والے معاشی مسائل اور مہنگائی سب سے بڑا ایشو تھا جس پر انہوں نے ووٹ دیے۔

صدر بائیڈن رواں برس الیکشن سے قبل ہی انتخابی دوڑ سے دست بردار ہوگئے تھے۔

بائیڈن کی عمر اس وقت لگ بھگ 81 برس ہے۔ ان کو اپنی کام کرنے کی اہلیت اور صحت سے متعلق سوالات و تحفظات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

چار نومبر کو ہونے والے الیکشن میں ڈونلڈ ٹرمپ کی برتری واضح ہونے کے بعد جو بائیڈن نے انہیں فون کرکے مبارک باد بھی دی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار کاملا ہیرس بھی شکست تسلیم کر چکی ہیں۔

یہ رپورٹ میں شامل معلومات خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے لی گئی ہے۔