بائیڈن کا عبادی کو فون، امریکی حمایت کی یقین دہانی

فائل

امریکی نائب صدر نے گذشتہ 18 ماہ کے دوران رمادی اور دیگر مقامات پر عراقی افواج کی جانب سے دی گئی بے پناہ قربانیوں اور بہادری کو سراہا: وائٹ ہاؤس بیان

امریکی نائب صدر جو بائیڈن نے پیر کے روز ٹیلی فون پر عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی سے گفتگو کی، جس دوران اُنھوں نے حکومتِ عراق کی جانب سے داعش کے خلاف جاری کارروائی میں امریکی حمایت کا اعادہ کیا۔

وائٹ ہاؤس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی نائب صدر نے گذشتہ 18 ماہ کے دوران رمادی اور دیگر مقامات پر عراقی افواج کی جانب سے دی گئی بے پناہ قربانیوں اور بہادری کو سراہا۔

جو بائیڈن نے 19 مئی کو عراقی کابینہ کے ارکان کے اُس متفقہ فیصلے کی تعریف کی جس میں اضافی فوجوں کی تعیناتی، جان کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجیوں کو عزت سے نوازنے اور جوابی حربی کارروائیاں کرنے کی تیاری کے لیے کہا گیا ہے۔

بیان کے مطابق، اس سلسلے میں، نائب صدر نے دولت اسلامیہ کے زیر تسلط علاقہ خالی کرانے کی کوششوں میں امریکی مدد کی فراہمی کا اعادہ کیا، جن میں امریکہ کی جانب سے تربیت اور آلات کی فراہمی میں فوری مدد دینا شامل ہے، جن کی مدد سے داعش کے حربوں کو سختی سے نمٹا جاسکے، جن میں ٹرک میں نصب بم حملوں کے واقعات شامل ہیں۔