برلن حملہ :تیونس میں آنس کا بھتیجا اور دو افراد گرفتار

برلن حملے کے مبینہ ملزم آنس عامری کی والدہ، تیونس کے وسلاتیہ قصبے میں اپنے گھر کے سامنے کھڑی ہیں۔ 23 دسمبر 2016

ہفتے کے روز تیونس کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ تیونس میں عہدے داروں نے برلن میں کرسمس کی مارکیٹ کے مشتبہ حملہ آور آنس عامری کے بھتیجے کو دو دوسرے اسلام پرست عسکریت پسندوں کے ساتھ گرفتار کر لیا ہے جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ عامری کے ساتھ رابطے میں تھے ۔

بیان ان تینوں مشتبہ افراد کے بارے میں کہاگیا ہے کہ وہ اس دہشت گرد گروہ کے ارکان ہیں جس کا برلن میں ٹرک حملہ کرنے والے آنس عامری کا تعلق تھا۔

تیونس میں ان افراد کو جمعے کے روز گرفتار کیا گیا۔

تیونس میںں آنس عامری کے والد، والدہ اور افراد خانہ ٹیلی ویژن دیکھ رہے ہیں۔ 23 دسمبر 2016

یہ گرفتاریاں ایک ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب جرمنی برلن میں ٹرک حملہ کرنے والے مشتبہ شخص آنس عامری کے ممکنہ ساتھیوں کو تلاش کر رہا ہے، جو جمعے کے روز میلان میں اطالوی پولیس کے ساتھ فائرنگ کےایک تبادلے میں ہلاک ہو گیا تھا۔

اسی دوران ہفتے کے روز سینکڑوں افراد تیونس کے دار الحکومتت تیونس میں انتہا پسندی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔

لگ بھگ دو سو افراد نے اس ریلی میں شرکت کی اور حکومت پر زور دیا کہ وہ سمندر پار رہنے والے تیونس کے ان تمام شہریوں کو وطن واپس لائے جن کے انتہا پسند تنظیموں سے رابطے ہیں تاکہ ا ن پر اپنے ملک میں مقدمے چلائے جاسکیں۔

اب جب کہ بیشتر ملک کرسمس کی خوشیاں منانے کی تیار ی کر رہے ہیں، جرمن حکام نے کہا ہے کہ سینکڑوں تفتیش کار تعطیلات کے پورے موسم میں دہشت گردی کے اس واقعے کی تحقیقات پر کام کر یں گے۔

جمعےکے روز برلن میں گفتگو کرتے ہوئے چیف فیڈرل پراسیکیوٹر پیٹر فرینک نے کہا کہ تفتیش کار یہ تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا 24 سالہ تیونسی آنس عامری کو حامیوں کے کسی نیٹ ورک سے تو مدد نہیں ملی تھی۔ مسٹر فرینک نے کہا کہ انگلیوں کے نشانات سے تصدیق ہوئی ہے کہ پیر کے روز برلن کی کرسمس مارکیٹ پر حملہ عامر ی نے کیا تھا جس میں 12 لوگ ہلاک اور 56د زخمی ہوئے تھے۔ لیکن انہوں نے کہا ابھی تفتیشی کارراوائی ختم نہیں ہوئی ہے۔

عامری کا بھائی ولید، اپنے گھر ک باہر میڈیا سے گفتگو کر رہا ہے۔ 22 دسمبر 2016

انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے اس وقت یہ پتہ چلانا بہت ضروری ہے کہ آیا حامیوں اور ساتھیوں کا کوئی ایسا نیٹ ورک تھا جس نے اس شخص کو حملے کے لیے تیار کرنے اور حملہ کروانے اور فرار ہونے میں مدد کی تھی۔

جرمن چانسلر اینگلا مرخیل نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ تفتیش ممکنہ سازشیوں پر مرکوز ہو گی۔

عامری کے بارے میں خیال کیا گیا ہے کہ اس نے ایک ٹرک اغوا کیا اور اسے برلن میں کرسمس کی ایک مارکیٹ میں تعطیلات منانے والے لوگوں پر حملے کے لیے استعمال کیا۔

داعش گروپ اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعوی کر چکا ہے۔ جمعے کے روز داعش سے منسلک ایک ویڈیو میں مبینہ طور پر یہ دکھایا گیا کہ عامری یورپ میں مزید حملوں کی اپیل کر رہا تھا۔

خبر رساں ادارے اعماق کی طرف سے جاری ویڈیو کی کسی غیر جانبدار طریقے سے تصدیق نہیں ہوئی ہے لیکن اس سے پہلے اعماق نے جو مواد جاری کیا تھا وہ مستند رہا ہے۔

جمعے کی صبح جرمن پولیس نے کوسوو سے دو بھائیوں کو گرفتار کیا جن پر مغربی جرمن ریاست نارڈہن ویسٹ فالن میں ایک شاپنگ مال میں حملے کی منصوبہ بندی کا شبہ کیا گیا تھا۔ یہ واضح نہیں ہوا کہ آیا ان دونوں کا برلن حملے سے کوئی تعلق تھا۔