طرابلس: عید سے قبل متحارب گروپ جنگ بندی پر رضامند

فائل

عید الاضحیٰ کے اسلامی تہوار سے قبل، لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں لڑائی ختم کرنے کے لیے جنگ بندی کا سمجھوتا طے پا گیا ہے۔

لیبیا کی نیشنل آرمی (ایل این اے) کے سربراہ، خلیفہ ہفتار نے ہفتے کے روز اقوام متحدہ کی جانب سے تجویز کردہ جنگ بندی سے اتفاق کیا۔ یہ بات ان کے ترجمان، احمد المسماری نے بن غازی میں اخباری کانفرنس کرتے ہوئے بتائی ہے۔

لیبیا میں اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت نے اس سے قبل ہفتے کو بتایا کہ اس کی جانب سے مجوزہ جنگ بندی کو تسلیم کیا گیا ہے، جس کا آغاز اتوار سے ہوگا۔

ملک کے دارالحکومت پر قبضے کے حصول کے لیے حکومت کی اتحادی ملیشیائیں اپریل سے ’ایل این اے‘ کے ساتھ لڑتی رہی ہیں۔

صحت کے عالمی ادارے (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق، لڑائی میں اب تک 1000 سے زائد افراد ہلاک، جب کہ ایک لاکھ سے زائد بے دخل ہو چکے ہیں۔