ہالی وڈ فلم 'باربی' گزشتہ تین ہفتوں سے باکس آفس پر چھائی ہوئی ہے جس نے دنیا بھر سے اب تک ایک ارب ڈالرز کا بزنس کر لیا ہے۔
فلم کے ڈسٹری بیوٹر 'وارنر برادرز' نے اتوار کو جاری بیان میں کہا ہے کہ فلم نے اس ویک اینڈ پر مقامی سنیما گھروں سے 45.9 کروڑ ڈالرز جب کہ دنیا بھر سے 57.21 کروڑ ڈالرز کمائے ہیں۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق اگر جدید باکس آفس کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو صرف 53 فلموں نے ہی ایک ارب ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا ہے۔
اب 'باربی' بھی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی خواتین ہدایت کارہ کی جانب سے بنائی گئی فلموں میں شامل ہو گئی ہے۔
'باربی' نے خاتون ہدایت کار پیٹی جینکنز کی فلم ونڈر وومن کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جس نے دنیا بھر سے مجموعی طور پر 82.17 کروڑ ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔
اس کے علاوہ شریک خاتون ہدایت کارہ کی فلم فروزن' نے 1.3 ارب، فروزن ٹو نے 1.45 ارب، کیپٹن مارول نے 1.1 ارب ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔
خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق 'باربی' کے ٹکٹوں کی فروخت رواں برس اپریل میں ریلیز ہونے والی فلم 'دی سپر ماریو بروز' کے مقابلے میں دوسرے نمبر پر رہی ہے جس نے مجموعی طور پر 1.357 ارب ڈالرز کا بزنس کیا تھا۔
SEE ALSO: کبھی پابندی کبھی اعتراضات؛ باربی ڈول کی اپنی کہانی کیا ہے؟فلم 'باربی' کی ہدایات گریٹا گرویگ نے دی ہیں جب کہ اس میں اداکارہ مارگو روبی نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ فلم کی کہانی بھی مشہور زمانہ ڈول 'باربی' کے گردہی گھومتی ہے۔
اس ویک اینڈ پر فلم 'باربی' باکس آفس پر پہلے نمبر پر موجود ہے جب کہ فلم 'میگ ٹو: دی ٹرینچ' دوسرے اور 'اوپن ہائمر' تیسرے نمبر پر ہے۔
چوتھے نمبر پر فلم 'ٹین ایج میوٹینٹ ننجا ٹرٹلز: میوٹینٹ میہیم' جب کہ پانچویں اور چھٹے نمبر پر 'ہونٹڈ مینشن' اور ساؤنڈ آف فریڈم' موجود ہیں۔
علاوہ ازیں ٹام کروز کی فلم 'مشن امپوسیبل' ساتویں نمبر پر ہے جب کہ آٹھویں نمبر پر 'ٹاک ٹو می' نویں اور دسویں پر 'روکی رانی کی پریم کہانی' اور 'انڈیانا جونز اینڈ دی ڈائل آف ڈیسٹینی' موجود ہے۔
اس رپورٹ میں بعض معلومات خبر رساں اداروں ’رائٹرز‘ اور ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئی ہیں۔