بنگلہ دیش میں حکومت کی پالیسیوں اور اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے خلاف حزب مخالف کی سب سے بڑی جماعت کی اپیل پر پیر کو ملک گیر ہڑتال کی جا رہی ہے۔
دارالحکومت ڈھاکہ میں احتجاج کے دوران متعدد بسوں کو نظر آتش کیے جانے کے بعد شہر میں اسکول اور تجارتی مراکز بند ہو گئے ہیں جب کہ عموماً انتہائی مصروف شاہراہوں پر اِکا دُکا گاڑیاں نظر آ رہی ہیں۔
حزب اختلاف کی جماعت بنگلہ دیش نیشنل پارٹی (بی این پی) کی طرف سے ڈھاکہ میں نئے ہوائی اڈے کے تعمیراتی منصوبے پر تنقید اور گذشتہ ماہ کے اواخر میں پرتشدد مظاہروں کے بعد حکومت نے یہ منصوبہ ترک کر دیا تھا۔
بنگلہ دیش میں سیاسی جماعتوں کی طرف سے ہڑتالوں کو حکومت کے خلاف سیاسی حربے کے طور پر استعمال کرنا عام بات ہے اور بی این پی بھی مہنگائی اور افراطِ زر میں اضافے جیسے موضوعات کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔