بلوچستان: بم دھماکے میں تین اہلکاروں سمیت کم ازکم پانچ ہلاک

فائل فوٹو

پولیس حکام کے مطابق فرنٹیئر کور کی ایک گاڑی کوئٹہ کے ایک مصروف چوراہے پر پہنچی تو سڑک کنارے کھڑی ایک موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد میں ریموٹ کنٹرول سے دھماکہ کردیا گیا۔
پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں ایک بم دھماکے میں تین سکیورٹی اہلکاروں سمیت کم ازکم پانچ افراد ہلاک اور 15 سے زائد زخمی ہو گئے۔

پولیس حکام اور عینی شاہدین کے مطابق فرنٹیئر کور کی ایک گاڑی کوئٹہ کے ایک مصروف چوراہے پر پہنچی تو سڑک کنارے کھڑی ایک موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد میں ریموٹ کنٹرول سے دھماکہ کردیا گیا۔

حملے میں سرکاری گاڑی سمیت دیگر دو گاڑیوں میں بھی آگ لگ گئی۔ امدادی ٹیموں نے فوری طور پر وہاں پہنچ کر آگ بجھانے کے بعد ایک خاتون سمیت پانچ افراد کی لاشوں اور سولہ زخمیوں کو فوجی اسپتال منتقل کردیا۔

پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں اسکول کے بچے بھی شامل ہیں جو چھٹی کے وقت وہاں سے گزر رہے تھے۔


کو ئٹہ کے مضافاتی علاقوں سریاب ، ائیر پور ٹ روڈ، سمنگلی روڈ اور شہباز ٹاؤن کے علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں پر پہلے بھی ایسے حملے کیے جا چکے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق دہشت گردی کی پے درپے ان کارروائیوں کے بعد شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں پولیس اور نیم فوجی دستے اضافی گشت پر مامور ہیں اور بدھ کے حملے کے بعد حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

بم دھماکہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب ملک کے دیگر حصوں کی طرح شعیہ برادری کوئٹہ میں بھی عاشورہ کی تیاریوں میں مصروف ہے۔