بلوچستان: ایف سی کے ساتھ جھڑپ میں چار ہلاک

فائل فوٹو

پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان میں فرنٹیئر کور اور نامعلوم مسلح افراد کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں کم ازکم چار افراد ہلاک ہوگئے۔

ضلع تر بت کے علاقے گبین میں جمعہ کو پیش آنے والے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے ایف سی حکام نے وائس اف امریکہ کو بتایا کہ سیکورٹی فورسز سر چ آپریشن جاری تھا کہ اس دوران نا معلوم مسلح افرادنے ایف سی کے جوانوں پر خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔

ایف سی کے جوانوں کی طر ف سے جوابی فائرنگ سے چار افراد موقع پر ہلاک ہو گئے ، اور چار کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے جنہیں علاج کے لئے تربت اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی اور ایف سی کی کارروائی کے خلاف لوگوں نے سخت احتجاج کیا ہے۔

بلوچستان میں علیحدگی پسند باغی گروہ ان کے بقول صوبے کے قدرتی وسائل پر اختیار کے لئے گزشتہ ایک عشرے سے مسلح کارروائیاں کر رہی ہیں جس میں اب تک ایف سی اور پولیس کے سینکڑ وں اہلکاروں سمیت ایک ہزار سے زائد لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔ خصوصاً صوبے کے ساحلی اضلاع تر بت اور گوادر میں ایف سی کے اہلکاروں پر خون ریز حملے کئے جاتے رہے ہیں۔