بلوچستان: فائرنگ سے آزاد اُمیدوار ہلاک

عبدالفتح مگھسی کی ہلاکت کے بعد الیکشن کمیشن نے اس حلقے میں انتخابات ملتوی کر دیئے ہیں اور نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
بلوچستان کے جنوب مشرقی ضلع جھل مگسی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 32 سے آزاد اُمید وار عبدالفتح مگھسی اور اُن کے دو ساتھی ہلاک ہو گئے ۔

لیویز حکام کے مطابق عبدالفتح مگھسی اپنے علاقے میں انتحابی مہم میں مصروف تھے اور اُنھیں منگل کی صبح ایک چوکی پر روک کر اُن کے قافلے میں شامل گاڑیوں کی تلاشی لینے کی کوشش کی گئی لیکن اس دوران مگھسی کے محافظوں اور لیویز اہلکاروں میں تلخ کلامی شروع ہو گئی۔

جس کے بعد عبد الفتح مگھسی کے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ تلاشی دیئے بغیر ہی وہاں سے چلے گئے۔ حکام کے مطابق اُنھوں نے کچھ ہی فاصلہ طے کیا ہو گا کہ نامعلوم افرا دنے اُن کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس سے عبد الفتح اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔

ضلع جھل مگسی بلوچستان کے گورنر نواب ذوالفقار مگسی کا آبائی ضلع ہے جس کی سر حدیں صوبہ سندھ کے دو اضلاع شہداد کو ٹ اور لاڑکانہ سے ملتی ہیں ان تینوں اضلاع میں بلوچ مگسی قبیلے کے لوگوں کی بڑی تعداد آباد ہے۔

اسی حلقے سے گورنربلوچستان کے چھوٹے بھائی اور بلوچستان کی سابق اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نوابزادہ میر طارق مگسی بھی اُمیدوار ہیں ۔

عبدالفتح مگھسی کی ہلاکت کے بعد الیکشن کمیشن نے اس حلقے میں انتخابات ملتوی کر دیئے ہیں اور نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

بلوچستان میں انتخابی مہم شر وع ہونے کے بعد تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے رواں ماہ کے دوران مسلم لیگ ن بلوچستان کے صدر سر دار ثنا ءاللہ زہر ی کے قافلے پر ایک ریموٹ کنٹرول بم حملے میں چارافراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ نیشنل پارٹی کے سر براہ اور قومی اسمبلی کے حلقہ 270 سے اُمیدوار ڈاکٹر عبدالمالک کی رہائشگاہ پر دستی بم سے حملہ کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ کو ئٹہ، سبی ، چمن ، گوادر ، پسنی ، تربت ، خاران اور دیگر علاقوں میں انتخابات میں حصہ لینے والے مختلف پارٹیوں کے اُمیدواروں کی رہائش گاہو ں اور انتخابی دفاتر پر حملے اور دھماکے کیے گئے ہیں۔

بلوچستان کی صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ انتخابات کو پُرامن بنانے کے لیے صوبے کے مختلف اضلاع میں چھ ہزار سے زائد فوج کے جوان تعینات کیے جائیں گے جبکہ فر نٹئیر کو ر ، پولیس اور لیویز کے جوان بھی الیکشن کے دوران خدمات انجام دیں گے۔