کریمیا: روسی فوج کا یوکرینی اہل کاروں کو انتباہ، وارننگ شاٹس

فائل

میڈیا رپورٹس کے مطابق، روسی فوجیوں نے یوکرینی اہل کاروں کو متنبہ کیا کہ اگر اُنھوں نے اڈے کی طرف آنے کی کوشش کی، تو اُن پر براہِ راست گولیاں چلائی جائیں گی
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایسے میں جب یوکرین کےتقریباً 300 فوجیوں نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے سلسلے میں، بالبیک کے فضائیہ کے اڈے پر جانے کی کوشش کی، تو اطلاعات کے مطابق، کریمیا کے خطے میں واقع بالبیک کے فضائی اڈے سے گولیاں چلنے کی آوازیں سنی گئیں۔

بتایا جاتا ہے کہ اڈے پر موجود تقریباً ایک درجن روسی فوجیوں نے یوکرین کے اہل کاروں کو متنبہ کیا اور متعدد وارننگ شاٹس چلائیں، جب کہ وہ مسلح نہیں تھے۔

روسی فوجیوں نے یوکرینی اہل کاروں کو متنبہ کیا کہ اگر اُنھوں نے اڈے کی طرف آنے کی کوشش کی، تو اُن پر براہِ راست گولیاں چلائی جائیں گی۔


ادھر، رائٹرز نے یوکرین سےخبر دی ہے کہ گذشتہ ہفتے بحیرہ اسود میں ایک پہاڑی کی چوٹی پر واقع بالبیک کے فضائی اڈے سے مگ 29 لڑاکا طیاروں نے پرواز بھری۔ یہ فوجی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی وفادار ہیں۔

آج منگل کو یوکرین کی فضائیہ اور اہل کار، جو اس ہوائی اڈے سے جہاز اڑایا کرتے تھے، وہاں پہنچنے کی کوشش کی، لیکن ناکام ہوکر واپس لوٹے۔

جزیرہ نما کریمیا، جہاں یوکرین کی فوج کے اثاثے ہیں، وہاں تعطل کا سماں ہے۔ بحیرہ اسود میں روسی بحریہ کے جہاز لنگرانداز ہیں۔ یوکرین کے اِن اثاثوں پر قبضہ جمانے کی کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔