صوبہ پنجاب کے جنوبی ضلع بہاولپور کے علاقے احمد پور شرقیہ میں 25 جون کو آئل ٹینکر میں آتشزدگی سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 190 ہو گئی ہے۔
بہاولپور کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق آئل ٹینکر میں دھماکے کے دوران بری طرح جھلسنے والے مزید 17 افراد جمعے کو اسپتال میں دم توڑ گئے۔
بہاولپور کے ڈپٹی کمشنر راؤ تسلیم احمد کا کہنا ہے کہ اسپتال میں زیر علاج بہت سے زخمیوں کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔
تیل سے بھرا ایک ٹینکر اتوار کی صبح احمد پور شرقیہ میں الٹ گیا تھا اور جب اُس سے تیل بہنا شروع ہوا تو مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد برتن لے کر تیل جمع کرنے لگی جب کہ قریب سے گزرنے والے کئی افراد نے اپنے موٹر سائیکل روک کر تیل اکٹھا کرنا شروع کر دیا۔
جب لوگ بڑی تعداد میں وہاں جمع تھے تو اس دوران اچانک آگ بھڑکنے کے بعد آئل ٹینکر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے قریب موجود لوگ اس کی لپیٹ میں آ گئے۔
ہلاک ہونے والے بیشتر افراد کی شناخت تک نہیں ہو سکی ہے۔ رواں ہفتے 125 افراد کی اجتماعی نمازہ جنازہ ادا کی گئی تھی۔
دھماکے اور آتشزدگی سے قریبی کھڑی متعدد گاڑیاں اور درجنوں موٹرسائیکل بھی جل کا خاکستر ہو گئی تھیں۔