بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے

پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ اور بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں صرف ایک رنز بنا کر آؤٹ ہونے کے باوجود اب وہ پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ (فائل فوٹو)

پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ اور بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں صرف ایک رنز بنا کر آؤٹ ہونے کے باوجود اب وہ پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں وہ ایک رنز بنانے کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی جانب سے 2515 رنز بنا چکے ہیں۔ انہوں نے یہ رنز 69 میچوں میں 64 اننگز کھیل کر بنائے ہیں۔

قبل ازیں پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی محمد حفیظ تھے جو حالیہ سیریز میں پاکستان کی ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔

محمد حفیظ نے 119 میچوں میں 108 اننگز کھیل کر 2514 رنز بنائے تھے۔ البتہ بابر اعظم اب ان سے ایک رنز آگے نکل گئے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی جانب سے تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ رنز شعیب ملک نے بنائے ہیں۔ وہ 123 میچوں میں 2423 رنز بنا چکے ہیں۔

پاکستان کی ٹیم کے وکٹ کیپر اس فہرست میں چھٹے نمبر پر ہیں وہ 51 میچوں میں 1396 رنز اپنے نام کر چکے ہیں۔ جب کہ فخر زمان 1221 رنز کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہیں وہ 61 میچ کھیل چکے ہیں۔

عالمی سطح پر ٹی ٹوئنٹی میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل کے پاس ہے۔ وہ 111 میچوں میں 3248 رنز بنا چکے ہیں جب کہ ان کے بعد دوسرے نمبر پر بھارت کے وراٹ کوہلی ہیں جنہوں نے 95 میچوں میں 3227 رنز بنائے ہیں۔