آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی کا نیا عالمی چیمپئن، نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست

آسٹریلیا پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا چیمپئن بنا ہے۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔

دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں آسٹریلوی ٹیم نے نیوزی لینڈ کی جانب سے 173 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں پورا کر لیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے شان دار نصف سینچریاں اسکور کیں۔

مچل مارش نے 50 گیندوں پر 77 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے جب کہ ڈیوڈ وارنر نے 38 گیندوں پر 53 رنز بنائے۔ مچل مارش نے اپنی اننگز میں چار چھکے اور چھ چوکے لگائے جب کہ وارنر نے تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے نصف سینچری مکمل کی۔

مچل مارش کو پلیئر آف دی میچ جب کہ ڈیوڈ وارنر کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔

اننگز کے 13 ویں اوور میں نیوزی لینڈ کے کپتان ٹرینٹ بولٹ کو واپس لائے جنہوں نے اوور کی دوسری گیند پر ڈیوڈ وارنر کو بولڈ کر کے نیوزی لینڈ کے لیے اُمید کی کرن پیدا کی۔

لیکن دوسرے اینڈ پر مچل مارش نے جارحانہ بلے بازی جاری رکھے اور ایش سودھی کے اوور میں 16 رنز حاصل کر کے آسٹریلیا کو ہدف کے مزید قریب پہنچا دیا۔

اس سے قبل آسٹریلوی کپتان ایرن فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کا آغاز اچھا تھا، لیکن پاوور پلے میں آسٹریلوی بالرز نے نپی تلی بالنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے سے روکے روکا۔

نیوزی لینڈ پاوور پلے کے چھ اوورز میں صرف 32 رنز اسکور کر سکی، تاہم نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے اننگز کو آگے بڑھایا اور 32 گیندوں پر نصف سینچری مکمل کی۔

کین ولیمسن نے 48 گیندوں پر 85 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں تین چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔ وہ جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل نے 35 گیندوں پر 28 رنز بنائے جو 12 ویں اوور میں ایڈم زمپا کی گیند پر مارکوس سٹوائنز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے اُن کے اسٹرائیک بالر مچل اسٹارک مہنگے ثابت ہوئے۔ اُنہوں نے اپنے چار اوورز میں 60 رنز دیے جب کہ کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

آسٹریلیا نے اپنی سیمی فائنل والی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی جب کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ڈیوڈ کانوے کی جگہ ٹیم میں ٹم سیفرٹ کو شامل کیا گیا۔

آسٹریلیا نے سیمی فائنل میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد جب کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے انگلینڈ کو شکست دی تھی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچی تھی، لیکن وہ ٹائٹل کے حصول میں ناکام رہی۔

آسٹریلیا سے قبل 2016 میں ویسٹ انڈیز، 2014 میں بھی ویسٹ انڈیز، 2012 میں نیوزی لینڈ، 2010 میں انگلینڈ، 2009 میں پاکستان جب کہ 2007 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی۔

آسٹریلیا کی ٹیم میں کپتان ایرن فنچ، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، اسٹیو اسمتھ، گلین میکسویل، مارکوس سٹوائنز، میتھیو ویڈ، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا اور جوش ہیزل ووڈ شامل تھے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم میں مارٹن گپٹل، ڈیرل مچل، کین ولیمسن، گلین فلپس، ٹم سیفرٹ، جیمز نیشم، مچل سینٹنر، ایڈم ملن، ٹم ساؤتھی، ایش سودھی اور ٹرینٹ بولٹ شامل تھے۔